منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

انوشکا شرما اور ویرات کوہلی ازدواجی بندھن میں بندھ گئے، تصاویر جاری

اشتہار

حیرت انگیز

ممبئی : اداکارہ انوشکا شرما اور معروف کرکٹر ویرات کوہلی شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں, شادی کی رسومات اٹلی کے خوبصورت قلعہ میں ادا کی گئیں جہاں جوڑے کے اہل خانہ بھی موجود تھے.

بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ انوشکا شرما اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کے درمیان معاشقے کی خبریں تو زبان زد عام تھی ہی اور دونوں سپر اسٹارز اس کا اعتراف بھی کرتے آئے ہیں تاہم دونوں کی شادی کے لیے بے تاب مداحوں کے لیے خوشخبری ہے کہ انوشکا اور ویرات اب جنم جنم کے ساتھی بن چکے ہیں.

معروف بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے معروف بلے باز ویرات کوہلی نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر اور انسٹا گرام پر اپنی شادی کی تصاویر شیئر کر کے شادی کا باقاعدہ اعلان کردیا ہے.

 

خیال رہے گزشتہ ہفتے سے انوشکا شرما اپنے اہل خانہ کے ہمراہ اٹلی میں موجود ہیں جب کہ ویرات کوہلی بھی اپنے عزیزوں کے ہمراہ وہاں موجود ہیں جس کی خبر میڈیا پر پہلے ہی وائرل ہوگئی تھی جس میں دعوی کیا جارہا تھا کہ دونوں خاندان شادی کی تقریب کے لیے اٹلی گئے ہیں.

اس سے قبل بھارتی صحافی نے دعویٰ کیا تھا کہ انوشکا اور کوہلی ہفتے کے روز ایک پُروقار تقریب میں شادی کے بندھن میں بند چکے ہیں اور جس کا باقاعدہ اعلان اُن کے اہل خانہ کی جانب سے آج رات کیا جائے گا جس کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ اٹلی کے شہر میلان میں ٹسکنی کے تاریخی قلعہ بورگو فینو چیٹو میں تقریبات جاری ہیں.

دوسری جانب گزشتہ ایک ہفتے سے گرم اس خبر سے متعلق انوشکا شرما اور ویرات کوہلی نے کسی بھی قسم کے تبصرے سے انکار کردیا گیا ہے جب کہ انوشکا کے ترجمان نے اٹلی جانے سے قبل ان خبروں کی تردید بھی کی تھی جب کہ دونوں سپر اسٹارز کے اہل خانہ نے بھی چپ سادھ رکھی ہے تاہم یہ خاموشی کسی طوفان نہیں بلکہ خوشخبری کا پیش خیمہ ہوتی نظر آرہی ہے.

کھیلوں کی خبر سے جڑے صحافی نے مصدقہ اطلاعات کی بناء پر دعویٰ کیا تھا کہ ویرات کوہلی اور انوشکا شرما ہفتے کے روز شادی کے بندھن میں بندھ چکے ہیں اور بہت جلد باقاعدہ یہ خبر مداحوں کے علم میں وہ خود یا ان کے اہل خانہ لائیں گے.

بھارتی صحافی کا مزید دعویٰ ہے کہ آسمان شہرت کے یہ دونوں درخشان ستارے اس وقت شادی کی تقریبات کے سلسلے میں اٹلی ہی موجود ہیں جہاں ان کی شادی کی تقریب ہفتے کے روز بورگو فینو چیٹو قلعے میں ہوئی اور روایتی پنجابی انداز میں رسومات انجام دی گئیں.

ہرے بھرے درختوں میں گھرے اور قدرتی حسن کے نزدیک پائے جانے والے بورگو فینو چیٹو قلعے کے ولا میں 22 کمرے ہیں جن میں 44 مہمانوں کی گنجائش ہے جب کہ ایک طویل دالان شادی کی تقریب کے لیے منفرد جگہ ہے جہاں شادی کی رسومات ادا کی گئیں.

بلآ خر میڈیا میں گردش کرتی خبریں سچ ثابت ہوئیں اور انوشکا اور ویرات کی جانب سے شادی کی خبر تصدیق کی جاچکی ہے جس سے اُن کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور سوشل میڈیا پر تہنیتی پیغامات اور نیک تمناؤں کا سلسلہ جاری ہے.

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں