ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون اور اداکار رنویر سنگھ نے رواں سال شادی کا فیصلہ کرلیا، دونوں شخصیات ستمبر سے دسمبر کے درمیان ازدواجی بندھن میں بندھ جائیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پدمانی کی رانی اور راجہ کے والدین نے شادی کی تاریخوں کا حتمی فیصلہ کرلیا اور اب اس کا مقام انڈیا کے ساتھ باہر بھی دیکھا جارہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ’دونوں اداکار بیرونِ ملک میں کسی مقام پر مذہبی رسم کے بعد نئی زندگی کا آغاز کریں گے، اس تقریب میں صرف خاندان کے قریبی لوگ اور اہم دوستوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی‘۔
میڈیا ذرائع کا کہنا یہ بھی کہنا ہے کہ ’ازدواجی بندھن میں بندھنے کے بعد دپیکا اور رنویر وطن واپس لوٹیں گے اور پھر ساتھی فنکاروں یا دیگر افراد کے لیے شاندار تقریب منعقد کریں گے‘۔
مزید پڑھیں: دپیکا سے تعلقات، رنویر سنگھ نے خاموشی توڑ دی
اداکار رنویر سنگھ کے قریبی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’دونوں کے اہل خانہ نے شادی کے لیے خریداری کا آغاز کردیا، اس ضمن میں جیولری اور کپڑوں کے لیے بھی آرڈر کیا جاچکا ہے‘۔
میڈیا ذرائع کا یہ بھی دعویٰ تھا کہ دپیکا سال نو کی آمد پر رنویر اور دپویر سنگھ کے ہمراہ مالدیپ میں موجود تھیں جبکہ دونوں کے اہل خانہ بھی اس موقع پر ساتھ نظر آئے تھے۔
بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ نے گزشتہ دنوں نجی ٹی وی چینل کے ایک شو میں شرکت کی اور مختلف سوالات کے جواب دیے، اس دوران اینکر نے اُن سے دپیکا سے تعلقات کے بارے اور شادی سے متعلق اچانک سوال کردیا۔
سوال سُن کر پدماوت کے علاؤ الدین خلجی مسکرائے اور شادی سے متعلق خبر کی تصدیق یا تردید نہیں کی البتہ تعلقات کے حوالے سے اُن کا کہنا تھا کہ ’ہم نے جتنی بھی فلمیں ساتھ کیں دپیکا نے میری بہت مدد کی، حتیٰ کہ انہوں نے میری اس قدر رہنمائی فرمائی کہ اُن کی وجہ سے میری زندگی پرسکون ہوگئی‘۔
یہ بھی پڑھیں: دپیکا کا جیون ساتھی کون سا بالی ووڈ اداکار ہے؟
شادی کا سوال دوبارہ پوچھنے پر رنویر سنگھ کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہم عرصہ دراز سے ایک دوسرے کے بہت اچھے دوست ہیں، میری نزدیک دپیکا بہت اچھی شخصیت کی حامل اداکارہ ہیں جن کی جتنی تعریف بھی کی جائے وہ کم ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی میڈیا نے رواں سال کے آغاز پر انوشکا اور ویرات کوہلی کی شادی کے بعد دعویٰ کیا تھا کہ ایک اور بالی ووڈ اداکارہ ساتھی فنکار کے ساتھ ازدواجی بندھن میں باندھنے جارہی ہیں۔
دپیکا اور رنویر سنگھ کی دوستی اور محبت کے چرچے میڈیا کی زینت بنتے آرہے ہیں بلکہ ایک بار تو یہ بھی دعویٰ سامنے آیا تھا کہ دونوں ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہیں تاہم کچھ عرصے بعد دونوں کے تعلقات ختم ہونے کی خبریں بھی سامنے آئیں تھیں۔
اسے بھی پڑھیں: بھارتی ادکارہ دپیکا نے اسلام قبول کرلیا
بھارتی میڈیا کے ذرائع نے رواں سال جنوری میں خبر کچھ اس طرح دی تھی کہ رنویر سنگھ اور دپیکا جلد سری لنکا کی اڑان بھریں گے جس کے بعد اُن کے اہل خانہ منگنی کی تقریب کے منعقد کرنے کے لیے جگہ کا انتخاب بھی کریں گے۔
خیال رہے کہ رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون نے سنجے لیلا بھنسالی کی 2013 میں ریلیز ہونے والی فلم رام لیلا، باجی راؤ مستانی میں کام کیا تھا تاہم چار سال بعد دونوں ایک بار پھر سنجے لیلا بھنسالی کی فلم پدماوت میں مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئے، دپیکا نے رانی پدمانی جبکہ رنویر نے بادشاہ علاؤالدین خلجی کا مشکل کردار ادا کیا تھا۔