تحریک انصاف کے رکن اسد قیصر 176 ووٹ لے کر آئندہ پانچ سال کے لیے قومی اسمبلی کے اسپیکر مقرر ہوگئے ہیں، ان کا شمار تحریک انصاف کے ابتدائی کارکنان میں ہوتا ہے۔
اسد قیصر تجربہ کار اور منجھے ہوئے سیاستدان ہیں اور گزشتہ حکومتی دور میں خیبرپختونخواہ اسمبلی چلانے کا تجربہ رکھتے ہیں۔ پانچ سال تک اسپیکر کے پی اسمبلی رہنے والے نو منتخب اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، 15 نومبر 1969 کو پختونخوا کے ضلع صوابی میں پیدا ہوئے تھے۔
انہوں نے ابتدائی تعلیم گورنمنٹ سیکنڈری سکول مرغوز سے حاصل کی اور اس کے بعد یونیورسٹی آف پشاور سے آرٹس میں گریجو ایشن کی۔
سیاسی کیریئر
اسد قیصر نے اپنی عملی سیاست کا آغاز جماعت اسلامی اور شباب ملی کے پلیٹ فارم سے کیا تھا۔انہوں نے 1996 میں پارٹی میں شمولیت اختیار کی اوریہاں اپنا سیاسی کیریئر بطور ایک ورکر آگے بڑھایا۔
اسد قیصر کا شمار تحریک انصاف کے اولین رہنماؤں میں ہوتا ہے،، 1996 میں ہی انہیں تحریک انصاف صوابی کا صدر نامزد کیا گیا تھا۔
سنہ 2008 میں اسد قیصر کو خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف کا صوبائی صدر بھی بنایا گیا اور 2011 تک وہ اس عہدے پر فائز رہے۔ مارچ 2013 میں انہوں نے پارٹی الیکشن جیتا اور عام انتخابات میں این اے 13 اور پی کے 35 کی نشستوں پر صوابی سے حصہ لیا، جس کے نتیجے میں انہوں نے دونوں نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔
تحریک انصاف کے رہنما نے 2013 کے انتخابات میں صوبائی نشست کو برقرار رکھا، تحریک انصاف کی جانب سے انہیں خیبر پختونخوا ہ اسمبلی چودہویں اسپیکر کے عہدے پر منتخب کیا گیا۔ الیکشن 2018 میں اسد قیصر نے این اے 18 صوابی اور پی کے 44 سے کامیابی حاصل کی۔
پاکستان کی پندرہویں قومی اسمبلی میں تحریک انصاف نے انہیں اسپیکر کے عہدے کے لیے نامزد کیاا ور وہ 176 ووٹوں سے متحدہ اپوزیشن کے امید وار کو شکست دے کر اسپیکر مقرر ہوئے ہیں۔