ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

اسد قیصر نے شبر زیدی کے انٹرویو پر ردعمل دے دیا

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اسد قیصر نے سابق چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) شبر زیدی کے حالیہ انٹرویو پر اپنے ردعمل کا اظہار کر دیا۔

اسد قیصر نے شبر زیدی کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ زراعت کی ترقی کیلیے سابقہ دور میں پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس کی سفارش پر تمباکو کسانوں کو ٹیکس چھوٹ دی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی کمیٹی کی سفارش پر سگریٹ کمپنیوں پر ٹیکس لگایا گیا، ہماری حکومت سے پہلے 18-2017 میں تمباکو پر ٹیکس 89 ارب روپے تھا جبکہ ہمارے دور کے آخری سال میں تمباکو سے 135 ارب روپے ٹیکس جمع ہوا۔

- Advertisement -

سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہماری پالیسی سے 3 سال میں تمباکو سے 109 ارب اضافی ریونیو اکٹھا ہوا، میرے حلقے میں بیشتر لوگوں کا گزر بسر تمباکو فصل کی آمدن سے ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسپیشل زراعت کمیٹی نے تمباکو فصل کے بجائے سگریٹ پر ٹیکس کی تجویز دی۔

شبر زیدی نے نجی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی کی حکومت میں نظر آ رہا تھا کہ معیشت ایسے نہیں چل سکتی، ہم معیشت کیلیے مشورہ دیتے تھے لیکن وہ سننے کو تیار نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ تمباکو اور اسٹیل مافیا پر ہاتھ ڈالا تو سینیٹرز چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس پہنچ گئے کہ اس کو روکیں، شہزاد اکبر آکر کہتے تھے کہ (ن) لیگی ارکان کے خلاف ٹیکس کیس بنائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے مجھے مقدمات بنانے کا کبھی نہیں کہا وہ بس اتنا کہتے تھے کہ شہزاد اکبر کو سن لیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں