ہنگری میں جاری ایتھلیٹکس کے عالمی مقابلے اس وقت دنیا کی توجہ کا مرکز بن گئے جب دوڑ مکمل ہونے پر خاتون ایتھلیٹ نے اپنے دوست سے ریس فنشنگ لائن پر منگنی کر لی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ منفرد واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوا خاتون ایتھلیٹ کو منفرد انداز میں شادی کا پرپوزل دیتے ہی ان کے دوست نے جھٹ سے منگنی کی انگوٹھی بھی پہنا دی۔
رپورٹ کے مطابق ہنگری میں ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپین شپ میں 35 کلومیٹر طویل میراتھون دوڑ میں سلواکین ایتھلیٹ ہانا شریک تھیں جب وہ دوڑ مکمل کرکے فنشنگ لائن پر پہنچیں تو ان کی حیرت کی انتہا نہ رہی جب وہاں ان کے ہم وطن ایتھلیٹ ڈومینک موجود تھے۔
ڈومینک نے اردگرد کی پروا نہ کرتے ہوئے اپنی محبت ہانا کو شادی کی پیشکش کی۔ ڈومینک گھنٹے کے بل بیٹھ گئے اور شادی کی پیشکش کرتے ہوئے انہیں منگنی کی انگوٹھی پیش کی۔
ہانا نے بھی دوست کی محبت کو قبول کیا اور شادی پر حامی بھر لی جس پر ڈومینک نے انہیں انگوٹھی پہنا دی جس کے بعد وہ دونوں انتہائی مسرور نظر آئے جب کہ اردگرد موجود دیگر ایتھلیٹس اور تماشائیوں نے بھی مسرت کا اظہار کیا اور انہیں مبارک باد دی۔