ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

آج بانی پی ٹی آئی سرٹیفائیڈ جھوٹے ثابت ہوگئے، عطا تارڑ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ امریکی عہدے دار ڈونلڈ لو کے بیان کے بعد آج بانی پی ٹی آئی کے بیانیے کا تیاپانچہ ہوگیا اور وہ سرٹیفائیڈ جھوٹے ثابت ہوئے۔

نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ سیاسی بیانیے کو فروغ دینے کیلیے ریاست کو داؤ پر لگایا گیا، ذاتی انا کی تسکین کیلیے قومی مفاد کو داؤ پر لگایا گیا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ ہم دو سال سے کہہ رہے تھے بانی پی ٹی آئی بے بنیاد الزام لگا رہے ہیں، آج ڈونلڈ لو نے کہہ دیا کہ سائفر کہانی سراسر جھوٹ پر مبنی تھی، پی ٹی آئی نے لابنگ فرمز ہائر کر کے کانگریس کمیٹی کی سماعت رکھوائی۔

- Advertisement -

وزیر اطلاعات نے کہا کہ قومی مفاد کو داؤ پر لگانے والے آج دنیا کے سامنے رسوا ہوئے ہیں، امریکی کانگریس کمیٹی کے سامنے غلط بیانی نہیں کی جا سکتی کیونکہ اس کی 2 سال قید کی سزا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سائفر پر اتنا بڑا جھوٹ کہا اور بانی پی ٹی آئی نے پاکستان کے بین الاقوامی سطح پر تعلقات تک کو نہیں دیکھا، سابق وزیر اعظم نے جھوٹ بول کر امریکا سے تعلقات خراب کرنے کی کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی پاکستان کے خلاف سازش آج ناکام ہوئی ہے، انہوں نے سائفر لہرایا اور پھر کہا وہ سائفر ہے ہی نہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ کانگریس کمیٹی کی سماعت کے بعد آپ کے پلے کیا رہ گیا ہے؟ آپ پاکستان کو بدنام کرنے گئے تھے اور اپنی رکھوائی گئی سماعت میں جھوٹے ثابت ہوئے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں