تازہ ترین

پاکستان کی بیٹنگ لائن تباہ، پہلی اننگز میں 240 رنز پر ڈھیر

برسبین: ٹیسٹ چیمپئن شپ کا پہلا میچ شاہینوں کے لیے کڑا امتحان ثابت ہوا، برسبین ٹیسٹ کے پہلے روز آسٹریلیا نے پاکستانی بیٹنگ لائن تہس نہس کردی، قومی ٹیم پہلے دن کے اختتام پر پہلی اننگز میں 240 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر مایوس کن بیٹنگ کا آغاز کیا، اسد شفیق کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین وکٹ پر ٹک کرنہ کھیل سکا۔

پاکستان نے کھانے کے وقفے تک بغیر کسی نقصان کے 49رنز بنائے، کپتان اظہرعلی 28 اور شان مسعود 21رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے، کھانے کے وقفے کے بعد آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی پہلی وکٹ 75رنز پر گری، شان مسعود 27رنز بنا کر پیٹ کمنز کا شکار ہوئے، شان مسعود کے جانے کی دیر تھی کہ اظہرعلی بھی آسٹریلوی بولر کا نشانہ بن گئے، آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی دوسری وکٹ 75 رنز پر گری، اظہر علی39رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

حارث سہیل کو 1 رن پر مچل اسٹارک نے آؤٹ کیا، پاکستان کی چوتھی وکٹ 78رنز پر گری، بابراعظم بھی 1 رن بنا کر پویلین لوٹے، جبکہ آسٹریلیو بولر نے افتخار احمد کو 7 رنز پر آؤٹ کیا، پاکستان نے پہلے روز چائے کے وقفے تک 5 وکٹوں پر 125رنز بنائے،  محمد رضوان اور اسدشفیق نے وقفے کے بعد دوبارہ کھیل کا آغاز کیا لیکن ٹیم کو بڑا اسکور دینے میں ناکام رہے۔

اسد شفیق کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین وکٹ پر ٹک کرنہ کھیل سکا، حارث سہیل مسلسل ناکام رہے، اسد شفیق اور یاسر شاہ نے 84 رنز کی شراکت بنا کر ٹیم کی عزت بچائی، اسد شفیق نے سب سے زیادہ چھہتر رنز بنائے، مچل اسٹارک نے 4، پیٹ کمنز نے 3، 3 اور جوش ہیزل ووڈ نے 2 وکٹیں لی، آسٹریلوی ٹیم کل اپنی پہلی اننگز کا آغاز کرے گی۔

اظہر علی کی قیادت میں شان مسعود، اسد شفیق، بابراعظم، حارث سہیل، افتخار احمد، محمد رضوان، یاسرشاہ، شاہین آفریدی، عمران خان اور نسیم عباس قومی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ ہیں، جبکہ 16سال کے نسیم شاہ پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ ڈیبیو کررہے ہیں۔

رکی پونٹنگ نے بابراعظم کو بڑا خطرہ قرار دے دیا

ٹیسٹ کیپ ملنے پر سولہ سال کے نسیم شاہ کی آنکھیں بھر آئیں، نسیم شاہ آسٹریلیا میں ڈیبیو کرنے والے پہلےکم عمر ترین کھلاڑی بن گئے، ٹاس کے بعد کومنٹیٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان اظہرعلی کاکہنا تھا کہ پچ بیٹنگ کے لیے اچھی ہے، محمد عباس کو نہ کھلانا مشکل فیصلہ ہے، نسیم شاہ کو والدہ کی وفات کے بعد سب نے دلاسہ دیا، ٹیسٹ کیپ لیتے ہوئے نسیم شاہ جذباتی ہوگئے تھے۔

آسٹریلیا اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ آج سے 25 نومبر تک کھیلا جائے گا، شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 نومبر تک برسبین میں ہورہا ہے، جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 29 نومبر سے 3 دسمبر تک ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔

Comments

- Advertisement -