پیر, جولائی 8, 2024
اشتہار

کور کمانڈرز کانفرنس نے آپریشن عزم استحکام کو اہم قدم قرار دے دیا

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیرِ صدارت 265ویں کور کمانڈرز کانفرنس نے انسداد دہشتگردی کیلیے آپریشن عزم استحکام کو اہم قدم قرار دے دیا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس نے ملک میں پائیدار استحکام، معاشی خوشحالی، دہشتگردی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے گٹھ جوڑ کے انسداد کیلیے آپریشن عزم استحکام کو وقت کا تقاضا قرار دیا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شرکا سے خطاب میں کہا کہ پاک فوج تمام اندرونی اور بیرونی چیلنجز کو ناکام بنانے کیلیے ہمیشہ تیار رہی، چیلنجز کے باوجود فوج پاکستان کے استحکام اور خوشحالی میں کردار ادا کرتی رہے گی۔

- Advertisement -

شرکا نے چند حلقوں کی جانب سے آپریشن عزم استحکام پر تنقید اور مفادات کیلیے قیاس آرائیوں پر تشویش کا اظہار کیا اور علاقائی سلامتی، افغانستان کی صورتحال اور علاقائی امن کے فروغ کیلیے عزم کا اعادہ کیا۔

فورم نے امن و استحکام کیلیے شہدا، افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ملکی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے عزم استحکام کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکا نے مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جبکہ مقبوضہ کشمیر اور غزہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، جنگی جرائم اور نسل کشی کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

شرکا نے اظہارِ خیال کیا کہ عسکری قیادت قوم کو درپیش چیلنجز کا بخوبی ادراک رکھتی ہے، عوام کے تعاون سے آئینی حدود میں رہتے ہوئے پائیدار حل کیلیے کوشاں ہیں۔

فورم نے سیاسی عزائم کیلیے ڈیجیٹل دہشتگردی کو ریاستی اداروں کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ بیرونی طاقتوں کی سرپرستی میں ڈیجیٹل دہشتگردی کا مقصد مایوسی پھیلانا ہے، ڈیجیٹل دہشتگردی کا مقصد جھوٹ اور پروپیگنڈے کے ذریعے قوم میں نفاق پھیلانا ہے۔

شرکا نے کہا کہ افواجِ پاکستان اور پاکستانی قوم سازشوں سے آگاہ ہیں، افواج اور عوام دشمن کے مذموم مقاصد کو شکست دینے کیلیے پُرعزم اور متحد ہیں۔

فورم نے ملک میں جاری سماجی اور معاشی ترقی کیلیے کوششوں پر مکمل تعاون جبکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اور معاشی ترقی کیلیے حکومتی کوششوں کی تائید کی۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں