نئی دہلی : بھارتی اداکار امیتابھ بچن نے بالی وڈ کے دبنگ خان کو ’کون بنے گا کروڑ پتی کی ‘ میزبانی کے لیے خوش آمدید کہہ دیا، امیتابھ بچن پہلے سیزن سے اس شو کی میزبانی کررہے ہیں۔
بھارتی میڈیا ذرائع کے مطابق سلمان خان جو کہ اسی نوعیت کے ایک اور شو ’ دس کا دم‘ کے میزبان ہیں، انہوں نے خواہش ظاہر کی تھی کہ وہ ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کی میزبانی کے خواہش مند ہیں۔
یاد رہے کہ امیتابھ بچن گزشتہ آٹھ سیزن سے اس کی میزبانی کرتے آرہے ہیں اور ایک وقفے کے کے بعد آنے والے اس کے دسویں سیزن کی میزبانی بھی امیتابھ بچن ہی کررہے ہیں، سیزن 10 آئندہ ماہ کی تین تاریخ سے شروع ہوگا۔
شو کے حوالے سے ایک پریس کانفرنس میں امیتابھ بچن نے سلمان خان کی اس خواہش پر پسندیدگی کا اظہا ر کیا اور کہا کہ’میں سلمان خان کو شو کی میزبانی کرنے کے لیے خوش آمدید کہتا ہوں‘۔
دریں اثنا ء جب بگ بی سے پوچھاگیا کہ آیا ان کی پوتی آرادھیا اس شو کی مقبولیت سے واقف ہے تو انہوں نے بتایا کہ ’ ہاں اسے پتا ہے کہ ’ کے بی سی‘ ( کون بنے گا کروڑ پتی ) نام کا ایک شو ہے، وہ اس کا میوزک پہچانتی ہے اور اسے بے پناہ پسند کرتی ہے‘۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے کبھی بھی اپنی پوتی کے ساتھ کروڑ پتی نہیں کھیلا حالانکہ یہ ایک بہت اچھا آئیڈیا ہے۔
حال ہی میں کون بنے گا کروڑ پتی کا ٹیزر بھی جاری کیا گیا ہے اور اس سال شو کی ٹیگ لائن ’ کب تک روکو گے‘ ہے۔