جمعہ, مئی 24, 2024
اشتہار

میرا مقابلہ پی ٹی آئی یا (ن) لیگ سے نہیں ہے، بلاول بھٹو

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ میرا مقابلہ پی ٹی آئی یا مسلم لیگ (ن) سے نہیں بلکہ مہنگائی اور غربت سے ہے۔

ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم حکومت بنانے کیلیے الیکشن لڑ رہے ہیں لیکن نفرت اور تقسیم کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، اپنا نظریہ اور منشور عوام کے پاس لے کر جائیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عام آدمی کی حکومت (ن) لیگ یا پی ٹی آئی نہیں بلکہ صرف شہیدوں کی جماعت بنا سکتی ہے، ہم (ن) لیگ یا پی ٹی آئی کی طرح جھوٹے وعدے نہیں کر رہے۔

- Advertisement -

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے سندھ کے ہر اضلاع میں مفت علاج کے اسپتال کھڑے کیے، مہنگے ترین علاج ہم سندھ کے عوام کو مفت فراہم کر رہے ہیں، اب پنجاب کے ہر اضلاع میں مفت اور معیاری علاج فراہم کریں گے۔

نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیا رائیونڈ میں انہوں نے مفت علاج کی سہولت دی ہے؟ دل کی تکلیف ہوتی ہے تو خود لندن بھاگ جاتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان کو اُس وقت بھی کہا تھا اتنا دور جانے کی ضرورت نہیں کراچی میں ہم نے این آئی سی وی ڈی بنا دیا ہے، اگلی بار جب دل میں تکلیف ہوگی تو آپ کیلیے مفت علاج کا اسپتال بنائیں گے، اگلی بار 8 فروری کو دل کی تکلیف ہونی ہی ہے، رائیونڈ میں جو ہم اسپتال بنائیں گے اس میں آپ کا علاج ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے 50 لاکھ گھر کا وعدہ کیا لیکن 4 سال میں ایک گھر نہ بنایا جبکہ سندھ میں ہم سیلاب متاثرین کیلیے 20 لاکھ گھر بنا رہے ہیں، سندھ میں خواتین کو گھروں کے مالکانہ حقوق دے رہے ہیں، ہماری حکومت آئے گی تو ملک کی ہر کچی آبادی کو ریگولرائز کریں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آصف علی زرداری نے انقلابی بی آئی ایس پی پروگرام متعارف کروایا تھا لیکن بانی پی ٹی آئی نے اس کا نام بدلنے کی کوشش کی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں