نئی دہلی : بھارت کے سابق کرکٹرنوجوت سنگھ سدھو کو عمران خان کی تقریب حلف برادری کی دعوت قبول کرنے کا بیان مہنگا پڑگیا اور انتہا پسند بی جے پی رہنما نے سدھو کو غدار قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق کرکٹرنوجوت سنگھ سدھو نے عمران خان کی تقریب حلف برداری کی دعوت کا ذکر کیا کیا،بھارت کے انتہاپسند آگ بگولہ ہوگئے۔
بی جے پی کے رہنما سبرامنیم سوامی نے اپنے ہی لیجنڈری کرکٹر کو غدارقرار دے دیا۔
گذشتہ روز بھارتی رکن پارلیمنٹ نوجوت سنگھ سدھونے عمران خان کی جانب سے حلف برداری میں شرکت کی دعوت قبول کرتے ہوئے شرکت کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ تقریب حلف برادری میں شرکت کی دعوت اعزاز ہے۔
سدھو کا کہنا تھا کہ تقریب میں شرکت کا دعوت نامہ ذاتی ہے، سیاسی نہیں، عمران خان سے بہت پرانے تعلقات ہیں، ،وہ زبردست شخص ہیں، ان کی گرمجوشی کا شکریہ ادا کرتا ہوں، کھلاڑی اورآرٹسٹ رکاوٹوں کو توڑ سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں : عمران خان پاکستان کی نیا پار لگادیں گے: نوجوت سنگھ سدھو
اس سے قبل انتخابات میں عمران خان کی کامیابی پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک بہترین لیڈر ہیں، وہ پاکستان کی نیا پار لگا دیں گے۔
نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا تھا کہ عمران خان میں قائدانہ صلاحتیں ہیں جو ایک لیڈر کے پاس ہوتا ہے، انہوں نے ہمیشہ جوڑنےکی بات کی، کبھی توڑنے کی نہیں، امید ہے وہ ملک کو مسائل سے نکالیں گے۔
خیال رہے گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے تقریب حلف برداری غیر ملکی شخصیات کو مدعو نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کے صرف چند دوستوں کو بیرون ملک سے مدعو کیا جائے گا، بیرون ملک سے کسی بھی شخصیت کو دعوت نہیں دی جائے گی۔