معروف اداکار عدنان صدیقی اور سجل علی کی پہلی بالی ووڈ فلم مام کا ٹیزر ٹریلر جاری کردیا گیا۔ فلم میں مرکزی کردار سری دیوی ادا کر رہی ہیں، جبکہ عدنان صدیقی ان کے شوہر کا کردار نبھا رہے ہیں۔
بالی ووڈ فلم ’مام‘ ایک معاشرتی موضوع پر مبنی فلم ہے جس کا مرکزی کردار ماں سری دیوی ادا کر رہی ہیں۔ عدنان صدیقی ان کے شوہر جبکہ سجل علی ان کی بیٹی کا کردار نبھائیں گی۔
فلم کی کہانی ماں کی اس جدوجہد پر مشتمل ہے جو وہ اپنی اولاد کے لیے کرتی ہے اور تمام قربانیاں دینے کو تیار رہتی ہے۔
مزید پڑھیں: بھارتی فلم میں کام سری دیوی کی وجہ سے کیا، عدنان صدیقی
ٹیزر کو گزشتہ روز زی ایوارڈز 2017 کی تقریب میں ریلیز کیا گیا۔ اس موقع پر سری دیوی نے کہا، ’جب میں نے اپنی پیشہ وارانہ زندگی کا پہلا شوٹ کیا تو میری والدہ وہیں میرے ساتھ کھڑی تھیں۔ اگر وہ وہاں نہ ہوتیں تو میں بھی آج یہاں نہ ہوتی‘۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت بدل گیا ہے، اب میں خود بھی ایک ماں ہوں۔ ’لیکن وقت جو بھی ہو، مائیں وقت کی قید سے آزاد رہیں گی‘۔
تقریب میں گو کہ عدنان صدیقی موجود نہیں تھے، تاہم بعد میں سوشل میڈیا پر انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ زی ایوارڈز کے اسٹیج پر فلم کا ٹیزر دیکھا جانا بہت خوش کن لمحہ تھا۔
انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’جب میں 16 سال کا تھا تب میں نے اپنی والدہ کو کھو دیا تھا۔ انہوں نے کبھی اپنے بیٹے کو آگے بڑھتے اور انڈسٹری میں اس بہترین مقام پر نہیں دیکھا۔ میری خواہش تھی کہ وہ یہ سب اپنی آنکھوں سے دیکھتیں‘۔
عدنان نے کہا، ’میں اپنی والدہ کا مقروض ہوں کہ ان کی ذہانت اور قربانیوں کے بغیر میں کبھی اس قابل نہیں ہوتا کہ اس مقام تک پہنچ سکوں‘۔
انہوں نے سجل علی کی والدہ کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو چند روز قبل ہی کینسر کے باعث انتقال کر گئی تھیں۔
عدنان صدیقی نے اس فلم کو تمام ماؤں کے نام کیا۔
فلم مام میں اکشے کھنہ اور نواز الدین صدیقی بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔ سری دیوی کے شوہر بونی کپور کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم رواں برس 14 جولائی کو ریلیز کی جائے گی۔