چین میں کمسن بچے کو ہوم ورک نہ کرنے پر والدہ نے ڈانٹا تو وہ ان کی شکایت لے کر تھانے پہنچ گیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چین میں 10 سالہ بچے کو ماں نے ہوم ورک نہ کرنے پر ڈانٹا تو وہ گھر سے بھاگ کر مقامی تھانے پہنچا اور والدہ کی شکایت کرتے ہوئے درخواست کی کہ مجھے یتیم خانے بھجوا دیا جائے۔
یہ واقعہ جنوب مغربی چین کی چونگ کنگ میونسپلٹی کے علاقے میں پیش آیا۔
بچہ یوبی میں واقع ہوژیانگ پولیس اسٹیشن میں گیا جہاں پولیس اہلکاروں نے اس سے آنے کی وجہ پوچھی تو بچے نے انہیں ہوم ورک نہ کرنے پر ماں کی جانب سے ڈانٹنے کا بتایا اور کہا کہ وہ یتیم خانے جانا چاہتا ہے اسی لیے گھر چھوڑ کر آگیا ہے۔
پولیس اہلکاروں کے سمجھانے کے بعد بچے نے والدہ کا فون نمبر دیا جس پر پولیس نے ان سے رابطہ کیا۔
والدہ نے کہا کہ وہ کبھی سوچ بھی نہیں سکتی تھیں کہ بچہ یتیم خانے جانے کے لیے اس طرح گھر سے بھاگ کھڑا ہوگا، بعدازاں پولیس نے والدین کو بلا کر بچے کو ان کے حوالے کردیا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جہاں سوشل میڈیا صارفین لڑکے کے ردعمل پر حیران رہ گئے اور متعدد صارفین نے پولیس کے اقدام کی تعریف کی۔