کراچی: شہر قائد میں پلاسٹک کے پستول اور ایک نقلی چاقو کے ساتھ واردات کی کوشش کرنے والا لڑکا شہریوں کے ہتھے چڑھ گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں اردو سائنس کالج کے قریب اناڑی ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گیا، لڑکے نے پلاسٹک کے پستول اور نقلی چاقو کے ذریعے اسٹریٹ کرائم کی کوشش کی لیکن بری طرح ناکام ہو گیا۔
ملزم لڑکا اردو سائنس کالج کے قریب ایک عمارت کے چوکیدار سے لوٹ مار کی کوشش کر رہا تھا کہ وہاں موجود شہریوں نے اسے قابو کر لیا اور پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں نے ملزم لڑکے کو پکڑا تو پتا چلا کہ اس کے پاس موجود دونوں ہتھیار نقلی ہیں، پستول پلاسٹک کی تھی جس سے چھوٹے بچے کھیلتے ہیں، جب کہ چاقو بھی پیپر کٹر سے بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ڈاکو آمنے سامنے
پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے عمارت کے چوکیدار کو لوٹ مار کے لیے نشانہ بنایا، نقلی پستول دکھا کر اسے لوٹنے کی کوشش کی، ملزم نے پیپر کٹر کو چاقو کی شکل دینے کی کوشش کی تھی، لیکن شہریوں نے پکڑ لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کو عزیز بھٹی تھانے منتقل کر دیا گیا ہے، ملزم سے برآمد ہونے والا موبائل فون اور ‘ہتھیار’ بھی قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزم کے پاس شناختی کارڈ کی کاپی بھی تھی، اور ایک موٹر سائیکل بھی جس پر وہ سوار ہو کر آیا تھا۔