اسلام آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے این سی او سی کے فیصلوں کے تناظر میں نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کردی۔
سی اے اے کی جانب سے جاری کردہ نئی ٹریول ایڈوائزری کے مطابق ملک کے تمام ایئرپورٹس پر مسافروں کے ریپڈ اینٹیجنٹ ٹیسٹ ہوں گے، کراچی ایئرپورٹ پر انتظامات مکمل کرلیے گئے اور محکمہ صحت کی ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں۔
سی اے اے حکام کے مطابق ایئرپورٹ پر اسسٹنٹ کمشنر محکمہ صحت کی ٹیمز کے ہمراہ ہوں گے، ریپڈ اینٹیجنٹ ٹیسٹ کی رپورٹ 20 منٹ کے اندر اندر حاصل ہوگی۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے پر مسافر کو اپنے خرچے پر قرنطینہ کیا جائے گا، مسافروں کو اسسٹنٹ کمشنر کی نگرانی میں ہوٹل منتقل کیا جائے گا۔
سی اے اے کے مطابق قرنطینہ کے اخراجات مسافروں کو خود برداشت کرنا ہوں گے، 8 دن بعد دوبارہ ٹیسٹ ہوگا منفی آنے پر گھر جانے کی اجازت دی جائے گی۔
ایڈوائزری کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر محکمہ صحت کی 48 افراد پر مشتمل ٹیمز تعینات ہوں گی۔
علاوہ ازیں نئی ٹریول ایڈوائزری این سی او سی فیصلوں کے تناظر میں جاری کی گئی، کیٹیگری سی ممالک کے مسافروں کی آمد پر پابندی کی مدت میں توسیع کی گئی ہے۔