کنولا آئل ہمارے گھروں میں استعمال ہونے والی عام شے ہے جو کھانا پکانے میں استعمال ہوتی ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں یہ کنولا آئل ہمارے لیے سخت نقصان دہ ہے۔
گو کہ کنولا آئل دیگر تیلوں کے مقابلے میں سستا ہوتا ہے، اور اشتہاری کمپنیوں کے مطابق یہ تیل صحت کے لیے مفید ہوتا ہے اور وزن میں بھی اضافہ نہیں کرتا لیکن حال ہی میں ایک تحقیق سے پتہ چلا کہ یہ تیل ہمارے لیے بے شمار نقصانات کا باعث بن سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: استعمال شدہ تیل زہریلا ہوسکتا ہے
تحقیق کے مطابق یہ تیل لوگوں میں یادداشت کھونے والے مرض الزائمر کا خطرہ بڑھا دیتا ہے، اور پہلے سے الزائمر کا شکار افراد میں اس بیماری کی شدت میں اضافہ کردیتا ہے۔
ماہرین نے مذکورہ تحقیق کے لیے چند چوہوں پر تجربہ کیا۔ ایک چوہے کو کنولا آئل کے بغیر غذا دی گئی جبکہ دوسرے چوہے کی غذا میں روزانہ کی بنیاد پر 2 چمچ کنولا آئل شامل کیا گیا۔
ایک سال کے عرصے بعد دیکھا گیا کہ کنولا آئل استعمال کرنے والے چوہے کا وزن دوسرے چوہے کی نسبت بڑھ گیا تھا، اسی طرح ایک دماغی مشق کے دوران اسی چوہے کی ذہنی کارکردگی میں بھی کمی دیکھی گئی۔
مزید پڑھیں: زیتون کے تیل کا روزانہ استعمال صحت کے لیے مفید
ماہرین کے مطابق کنولا آئل کو حاصل کرنے کے لیے اس کے بیجوں کو کمیائی عمل سے گزارا جاتا ہے، لہٰذا یہ تیل گردوں اور جگر کو متاثر کرتا ہے جبکہ جسم میں کینسر کا امکان بھی بڑھاتا ہے۔
ماہرین کی تجویز ہے کہ اگر آپ اپنی صحت کا خیال رکھتے ہیں تو آپ کو کنولا آئل سے دور رہنا چاہیئے۔