چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارت کے پاکستان آنے سے انکار پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کا موقف سامنے آ گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ دو ماہ سے بھارتی میڈیا پر خبریں آ رہی ہیں کہ وہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے پاکستان نہیں آ رہے، لیکن اس حوالے سے اب تک بھارت کی جانب سے انکار کا کوئی باضابطہ لیٹر یا اطلاع مجھے یا پی سی بی کو نہیں دی گئی ہے۔ کوئی ایسی چیز آتی ہے تو اپنی حکومت سے بات کرونگا اور پھر حکومت جو کہے گی اس پر عمل کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں کرکٹ سیاست سے پاک ہو، کوئی بھی ملک ہو، اختلاف اپنی جگہ لیکن کھیل میں سیاست نہیں ہونی چاہیے اور کسی بھی ملک کو کرکٹ پر سیاست نہیں کرنی چاہیے۔ میں ابھی تو کہہ نہیں رہا کہ میں سخت ہوں لیکن جب وقت آئے گا، تو پتہ چل جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی نے واضح کیا کہ میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ اگر ایسی کوئی چیز ہوگی تو تحریری طور پر دیں تب ہی قبول کریں گے۔ ہم سے اب تک کسی ہائبرڈ ماڈل پر بات نہیں ہوئی ہے اور جہاں تک مجھے پتہ ہے، ہر ملک کی خواہش ہے کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہو۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ہر بار بھارت کے ساتھ مثبت رویہ رکھتا ہے لیکن اب امید نہ رکھے۔ ہم آئی سی سی سے بھی چیمپئنز ٹرافی کا جلد باضاطہ شیڈول کے اجرا کی امید رکھتے ہیں۔ دسمبر سے قبل اسٹیڈیمز کا گرے اسٹرکچر مکمل ہو جائے گا اور اس کے بعد حتمی کام مکمل کریں گے۔
انہوں نے آسٹریلیا کیخلاف کامیابی پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے 2017 کے بعد آسٹریلیا کو شکست دی۔ اس جیت کا کریڈٹ پوری ٹیم کو دوں گا کیونکہ ہمیشہ کی طرح یہ ایک ٹیم ورک ہے۔ جو کچھ عرصے سے نہیں جیت رہے تھے، اب جیت کر دکھائیں گے۔ امید ہے ٹیم آنے والے دنوں میں اچھی خوشخبریاں دے گی۔ وائٹ بال ٹیم کے کوچ پر مشاورت چل رہی ہے، ٹیم جو فیصلہ کریگی وہ کرینگے۔
بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کیلیے پاکستان آنے سے انکار کر دیا، بھارتی میڈیا