ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

پیپلزپارٹی کا اونٹ جس طرف بیٹھے گا ادھر حکومت بنے گی، بلاول بھٹو

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کا اونٹ جس طرف بیٹھے گا ادھر حکومت بنے گی۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم سب کی خواہش ہوگی کہ قومی اتحادی حکومت بنے جو ملک کے لیے کام کرے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن لڑ رہا ہوں تو خواہش ہوگی کہ وزیراعظم بنوں۔

- Advertisement -

بلاول بھٹو نے کہا کہ حیران ہوں کہ ن لیگ نے ابھی تک انتخابی مہم شروع نہیں کی، خود کو چوتھی بار وزیراعظم کہنے والا گھر سے نہیں نکل رہا، نواز شریف چاہیں یا نہ چاہیں 8 فروری کو الیکشن ہوں گے، سپریم کورٹ بھی واضح کہہ چکی کہ الیکشن وقت پر ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ ن لیگ سے پوچھنا چاہیے کہ سینیٹ میں قرارداد کیسے پیش کی گئی، سینیٹ میں ن لیگ کے پاس قیادت ہے، انتخابات ملتوی کی قرارداد کیسے آئی، ہاؤس آف دی لیڈر کی مرضی کے بغیر قرارداد کیسے پیش کی جاسکتی ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ 2013 میں تو زیادہ واقعات ہورہے تھے پھر بھی انتخابات ہوئے، سمجھتا ہوں کہ بی بی کی شہادت کے وقت بھی انتخابات کا التوا نہیں ہونا چاہیے تھا، اس وقت ہمیں اعتماد میں لے کر انتخابات ملتوی کیے گئے تھے، سمجھتا ہوں کہ بی بی شہادت کے بعد بھی ہماری کچھ نشستوں میں گڑ بڑ کی گئی تھی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی اپنے مفاد سے زیادہ ملک کے مفاد کو ترجیح دیتی ہے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ملکی مفاد کے لیے کام کیا اور کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں 20 لاکھ گھر بنارہے ہیں جس کے لیے فنڈز بھی فراہم کردیے ہیں، پورے پاکستان میں 30 لاکھ گھر بنانا کوئی مشکل کام نہیں ہے، بانی پی ٹی آئی نے 50 لاکھ گھروں کا کہا اور اس پر بالکل کام نہیں کیا۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ہم نے سندھ میں مزدور کارڈ کو بڑھانے پر کام شروع کردیا ہے، حکومتی اخراجات کم کرکے بہت سے مختلف منصوبوں پر کام کیا جاسکتا ہے، ہم نے عوام اور خاص طور نوجوانوں کو امید دینی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں