جمعہ, نومبر 8, 2024
اشتہار

سائفر کیس: ’سابق وزیر اعظم پر جرم ثابت نہیں ہوا، وہ معصوم ہیں‘

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سائفر کیس میں اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی 10، 10 لاکھ روپے کے عوض ضمانت منظور کی۔

سائفر کیس کی سماعت قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ قائم مقام چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جب سائفر ڈی کوڈ ہوگیا تو سائفر نہیں رہا۔

جسٹس اطہر من اللہ نے ریماکس دیے کہ سابق وزیر اعظم پر جرم ثابت نہیں ہوا وہ معصوم ہیں، یہ بانی پی ٹی آئی نہیں عوام کے حقوق کا معاملہ ہے اور عدالت بنیادی حقوق کی محافظ ہے۔

- Advertisement -

چیف جسٹس سردار طارق مسعود نے کہا ریکارڈ کے مطابق گواہان کے بیانات حلف پر نہیں ہیں، کیا سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کی گمشدگی کی تحقیقات کی گئیں؟ اعظم خان ایک ماہ تک خاموش کیوں رہا؟ شہباز شریف نے کیوں نہیں کہا سائفر گم ہوگیا ہے؟ شہباز شریف نے کس دستاویز پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کیا؟ کیا اصل سائفر پیش ہوا تھا؟ یہ کیسے ممکن ہے؟

جسٹس منصور علی شاہ نے ریماکس دیے کہ پراسیکیوٹر کو سمجھ آ رہی ہے اور نہ ہی تفتیشی افسر کو تو انکوائری میں کیا سامنے آیا؟ سائفر کیس میں سزائے موت کی دفعات بظاہر مفروضے پر ہیں، پاک امریکا تعلقات خراب ہوئے؟

انہوں نے کہا کہ کسی اور کا فائدہ ہوا یہ تفتیش کیسے ہوئی؟ تعلقات خراب کرنے کا تو ایف آئی آر میں ذکر ہی نہیں، اسد مجید کے بیان میں کہیں نہیں لکھا کسی دوسرے ملک کو فائدہ پہنچا، عدالت سائفر پبلک کرنے کو درست قرار نہیں دے رہی لیکن بات قانون کی ہے، ابھی تک کسی گواہ کے بیان ثابت نہیں کہ کسی غیر ملکی طاقت کو فائدہ ہوا۔

پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے کہا کہ بھارت میں سائفر لہرانے پر بہت واویلا ہوا۔ اس پر جسٹس منصور علی شاہ نے کہا انڈیا میں ہماری جگ ہنسائی تو کسی بھی وجہ سے ہو سکتی ہے، اس پر کیا کریں گے؟

دورانِ سماعت جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ جو دستاویز آپ دکھا رہے ہیں اس کے مطابق تو غیر ملکی طاقت کا نقصان ہوا، ہر دور میں سیاسی رہنماؤں کے ساتھ ایسا کیوں ہوتا ہے؟ یہ سیاستدان ہیں، الیکشن ہونے والے ہیں۔

انہوں نے استفسار کیا کہ سابق وزیر اعظم کے جیل سے باہر آنے سے معاشرے کو کیا خطرہ ہے؟ کیا نقصان ہوگا؟ کیا حکومت انیس سو ستر اور انیس سو ستتر والے حالات چاہتی ہے، کیا وزرائے اعظم کو وقت سے پہلے باہر نکالنے سے ملک کی جگ ہنسائی نہیں ہوتی؟

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ کیا وزرائے اعظم کو وقت سے پہلے ہٹانے پر بھی آفیشل سیکریٹ ایکٹ لگے گا؟ سائفر کی ایک ہی اصل کاپی تھی جو دفتر خارجہ میں تھی، سائفر دفتر خارجہ کے پاس ہے تو باہر کیا نکلا ہے؟

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں