پنجاب کے شہر صادق آباد میں اینٹی ہنی ٹریپ سیل نے بر وقت کامیاب کارروائی کرتے ہوئے شہری کو اغوا ہونے سے بچا لیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب کے شہر صادق آباد کے رہائشی نوجوان کو ملازت کا جھانسہ دے کر اوباڑو بلوایا گیا تھا تاہم اطلاع ملنے پر اینٹی ہنی ٹریپ سیل نے بر وقت کامیاب کارروائی کرتے ہوئے شہری کو اغوا ہونے سے بچا لیا۔
اس حوالے سے ڈی پی او رضوان عمر نے بتایا کہ بازیاب کرایا جانے والا نوجوان حمزہ طارق شیخوپورہ کا رہائشی ہے جس کو اغوا کاروں نے ملازمت کا جھانسہ دے کر سندھ کے علاقے اوباڑو بلایا تھا اور اس کو اغوا کے بعد سندھ کے کچے میں یرغمال بنا کر رکھا جانا تھا۔
ڈی پی او کے مطابق واردات کی اطلاع ملنے پر اینٹی ہنی ٹریپ سیل فوری حرکت میں آیا اور سندھ پنجاب سرحد کوٹ سبزل چیک پوسٹ سے پولیس نے نوجوان کو ریسکیو کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 8 ماہ کے دوران سیل نے مختلف پرکشش آفر کے جھانسے میں آنے والے 211 افراد کو اغوا ہونے سے بچایا ہے۔
واضح رہے کہ سندھ اور سندھ پنجاب سرحد سے ملحقہ کچے کے علاقے میں سالوں سے ملک کے مختلف علاقوں سے اغوا کار کبھی خواتین کی آواز میں لوگوں کو پھنساتے اور انہیں شادی کا جھانسہ دے کر بلاتے یا پھر بیروزگاروں کو اچھی ملازمت کے خواب دکھا کر اپنے جال میں پھنساتے اور انہیں بلا کر کچے میں قید کرتے اور ان کے لواحقین سے بھاری تاوان وصول کرتے ہیں۔
اغوا کاروں کے چنگل میں کئی مغویوں کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی رہی ہیں جن میں ان پر ہونے والے مظالم کی عکاسی بھی ہوتی ہے۔