لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ہمارے لیڈر ہیں اور ان کی آواز پر لبیک کہیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرِ صدارت صوبائی کابینہ کا 7واں اجلاس ہوا جس میں صوبے کی موجودہ سیاسی صورتِ حال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب میں پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کی خدمت کے فریضے کو بخوبی سرانجام دے رہی ہے، ہم سب ایک ہیں اور ایک رہیں گے، پی ٹی آئی اور ملسم لیگ (ق) کا اتحاد مضبوط ہے۔
پرویز الٰہی نے کہا: ’دراڑیں ڈالنے کی ہر کوشش پہلے کی طرح ناکام ہوگی۔ ہمارا اتحاد عوام کی خدمت کے لیے ہے۔ کوئی بھی سازش پنجاب کے عوام کی خدمت سے روک نہیں سکتی۔ سازشیں کرنے والے منہ کی کھائیں گے۔‘
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا دل و جان سے ساتھ دیتے رہیں گے، پرویز الٰہی
گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا تھا کہ یہ ابہام ختم ہونا چاہیے کہ مسلم لیگ (ق) پی ٹی آئی کے ساتھ نہیں ہے، ہم آئندہ الیکشن پی ٹی آئی کے ساتھ مل کر لڑیں گے۔
’ابھی تک وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں موجود ہوں۔ رانا ثنا اللہ کی غیر قانونی دھمکیوں سے ہم گھبرانے والے نہیں ہیں۔ ہم صبح سے انتظار کر رہے ہیں کہ کب رانا ثنا اللہ سیکرٹریٹ سیل کرنے آئیں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ہم آئین اور قانون کے مطابق اپنا کام جاری رکھیں گے، گورنر پنجاب کی طرف سے اجلاس بلانا اسپیکر صوبائی اسمبلی کا کام ہے، وزیر اعلیٰ کا کام اسپیکر اجلاس بلائے تو اعتماد کا ووٹ لینا ہے، جب تک اسپیکر اجلاس نہیں بلاتے تو میں اعتماد کا ووٹ کیسے لے سکتا ہوں۔
پرویز الٰہی نے کہا تھا کہ اسپیکر رولنگ دے چکے کہ گورنر کی جانب سے اجلاس بلانا غیر قانونی ہے، آج بھی وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں لا اینڈ آرڈر سمیت تمام کام کرتا رہا ہوں، مسلم لیگ (ق) کے تمام اراکین اسمبلی نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔