اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

کوک اسٹوڈیو نے باصلاحیت گلوکار تلاش کرلیے

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: کوک اسٹوڈیو نے لوک موسیقی کو پروان چڑھانے کے لیے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کیا اور نئے گلوکاروں کو تلاش کر کے اُن کی آواز میں گانے ریکارڈ کیے۔

تفصیلات کے مطابق کوک اسٹوڈیو اپنے نئے آنے والے سیزن سے قبل ناظرین کو اس بار کچھ نیا پیش کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، اس ضمن میں ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے۔

اس نئے ایونٹ کا نام کوک اسٹوڈیو ایکسپلورر ہے جس کا مقصد ملک بھر سے باصلاحیت گلوکاروں کو مضبوط پلیٹ فارم مہیا کر کے اُن کی آوازوں کو سامعین تک پہنچانا اور پاکستان کی لوک موسیقی کو پروان چڑھانا ہے۔

کوک اسٹوڈیو کے سیزن 11 کے میوزک پروڈیوسر علی حمزہ اور زوہیب قاضی نے پسماندہ علاقوں سمیت ملک کے مختلف صوبوں کا دورہ کیا اور وہاں موجود چھپے ٹیلنٹ کو کو تلاش کیا جو موسیقی کی دنیا میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں مگر انہیں کوئی اچھا پلیٹ فارم نہیں ملتا۔

کوک اسٹوڈیو کی جانب سے ریلیز کیا گیا پروگرام کا ٹریزر

میوزک پروڈیوسرز نے بلوچستان کے صحرا سے منگل، دریہن اور شایان نامی گلوکاروں کو تلاش کیا۔

کیلاش سے کوک اسٹوڈیو کی ٹیم کو نارینہ اور امرینہ نامی خواتین ملیں جنہوں نے پاپ میوزک کے ساتھ اپنی آواز کا جادو جگایا، یہ پہلا موقع  ہے کہ کیلاشی گانے کو بڑا پلیٹ فارم مہیا کیا گیا۔

سندھ سے دو بہن بھائی شامو بائی اور وشنو ملے جنہوں نے مقامی زبان اور میوزک کے ساتھ اپنا گانا ریکارڈ کرایا، وشنو کو سب سے کم عمر گلوکار ہونے کا یہ اعزاز بھی حاصل ہوگیا کہ وہ صرف 14 برس کی عمر میں کوک اسٹوڈیو نئے سیزن میں اپنی آواز کا جادو جگائے گا۔

علاوہ ازیں کوک اسٹوڈیو نے قاسامیر نامی بینڈ تلاش کیا جن کی آوازوں نے دو دہائی تک ریڈیو پاکستان پر راج کیا۔

میوزک پروڈیوسرز نے ٹورنٹو میں پاکستانی لڑکی مشال خواجہ کو بھی ڈھونڈ جو انسٹاگرام اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اپنی آواز کا جادو جگاتی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کی میوزک انڈسٹری 2008 میں زوال کا شکار تھی کہ یک دم کوک اسٹوڈیو کا آغاز ہوا جس نے نہ صرف پاکستانی موسیقی کو جلا بخشی بلکہ اسے نئے انداز میں پیش کرتے ہوئے دنیا بھر میں پاکستانی نغموں کو سامعین تک پہنچایا۔

کوک اسٹوڈیو نے پاکستانی ثقافت کے رنگوں کو مختلف سیزنز کا حصہ بنایا جس کے باعث پاکستان کے گانوں کو دنیا بھر میں خوب پذیرائی بھی ملی، پہلے سیزن سے چھٹے سیزن تک میوزک پروڈیوسر کی ذمہ داریاں گٹارسٹ روحیل حیات نے انجام دی تھیں۔

ساتویں سیزن سے میوزک کو ترتیب دینے کی ذمہ داریاں پاکستان کے معروف میوزیکل بینڈ اسٹرنگز نے اپنے سر لیں اور دسویں سیزن تک اسے بخوبی نبھایا تاہم بلال مقصود اور فیصل کپاڈیہ نے گزشتہ سیزن کے اختتام پر کوک اسٹوڈیو سے علیحدگی کا اعلان کردیا تھا۔

کوک اسٹوڈیو نے سیزن 11 کے لیے دو نئے پروڈیوسر پاپ میوزیکل بینڈ نوری کے علی حمزہ اور زوہیب قاضی کو منتخب کیا گیا جو پاکستانی میوزک کی دنیا میں کافی عرصے سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔


 خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

اہم ترین

عمیر دبیر
عمیر دبیر
محمد عمیر دبیر اے آر وائی نیوز میں بحیثیت سب ایڈیٹر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں

مزید خبریں