اسلام آباد: ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کامیابی سے جاری ہے، اب تک ساڑھے 3 کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جاچکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 29 مارچ سے شروع ہونے والی ملک گیر انسداد پولیو مہم کامیابی سے جاری ہے، انسداد پولیومہم کا ہدف 4 کروڑ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا ہے۔
پہلے 4 دن میں ساڑھے 3 کروڑ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جا چکے ہیں۔
گھر گھر جا کر پولیو کے قطرے پلانے والے پولیو ورکرز کی تعداد 2 لاکھ 90 ہزار ہے جو بطور فرنٹ لائن ورکرز اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔
انسداد پولیو مہم کی سیکیورٹی کی ذمہ داری پاک فوج احسن طریقے سے نبھا رہی ہے، مسلح افواج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے پولیو ٹیموں کی حفاظت یقینی بنا رہے ہیں۔
انسداد پولیو مہم کے دوران اب تک کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ دیکھنے میں نہیں آیا، عوام میں پولیو کے بارے میں آگاہی بڑھانے میں میڈیا بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
مہم کے دوران کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات اور حفاظتی تدابیر کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے۔