17.8 C
Dublin
ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

سی ٹی ڈی ہائی پروفائل ٹارگٹ کلنگ کیسز حل کرنے میں ناکام، وارداتوں میں نئے ہتھیار استعمال ہونے کا انکشاف

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) حالیہ اہم ہائی پروفائل ٹارگٹ کلنگ کیسز حل کرنے میں ناکام ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اہم دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کی بجائے سی ٹی ڈی تھانے کی سطح پر پکڑے گئے اسٹریٹ کرمنلز کی گرفتاری ظاہر کرنے میں مصروف ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ 3 ماہ میں اسٹریٹ کرائمز اور ٹارگٹ کلنگز میں نئے ہتھیار استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے، اہم واقعات میں استعمال ہونے والے اسلحے کی گولیوں کے خول پرانی وارداتوں سے میچ نہیں ہوئے۔

- Advertisement -

اسلحے کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے بنائی گئی سی ٹی ڈی کی خصوصی ٹیم کوئی کمال نہ دکھا سکی۔

تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں اسلحے کرائے پر دینے اور اسمگل کرنے والا نیٹ ورک بدستور فعال ہے، شہر میں کالعدم تنظیم کے سلیپرز سیل کے حوالے سے بھی سی ٹی دی اور پولیس کی کارکردگی صفر ہے۔

پولیس اور سی ٹی ڈی کی نا اہلی کے باعث وفاقی تحقیقاتی ادارے ہائی پروفائل ٹارگٹ کلنگز کی تحقیقات خود کر رہے ہیں، وفاقی تحقیقاتی اداروں نے شہر کے مختلف علاقوں سے مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے۔

ٹارگٹ کلنگ میں بھارتی ایجنسی را کا ہاتھ؟

شہر قائد میں مذہبی رہنماوٴں کی ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ تھم نہیں سکا ہے، حالیہ ٹارگٹ کلنگ میں بھارتی ایجنسی را کے ملوث ہونے کے حوالے سے بھی تحقیقات جاری ہیں۔ سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ ٹارگٹ کلنگ میں بھارتی ایجنسی کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔

گزشتہ شب مبینہ ٹاوٴن کے علاقے اسکاؤٹ کالونی میں جامعہ مسجد و مدرسے کے باہر اندھا دھند فائرنگ سے 55 سالہ شیر خان جاں بحق اور چوکیدار زخمی ہوا تھا، پولیس حکام کے مطابق مقتول شیر خان ایک ماہ قبل ہی سعودیہ سے واپس وطن آیا تھا، اور نماز پڑھنے کے بعد باہر رشتہ دار کے انتظارمیں بیٹھا تھا۔

مسجد کے باہر ٹارگٹ کلنگ، سعودیہ سے لوٹنے والے شیر خان کے قتل کا مقدمہ درج

اس سے قبل 5 ستمبر کو نارتھ ناظم آباد بلاک این میں شادی ہال کے قریب فائرنگ سے دارلعلوم اسلامیہ اکیڈمی کھارادر کے مولانا حفاظ قاری خرم شہزاد اور دیگر 2 اساتذہ زخمی ہوئے تھے، دارالعلوم اسلامیہ اکیڈمی کھارادر کے مولانا حفاظ قاری خرم شہزاد موت اور زندگی کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد 9 ستمبر کو دوران علاج دم توڑ گئے تھے۔

12 ستمبر کی شب گلستان جوہر میں عالم دین ضیا الرحمان کو بھی ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایہ گیا تھا، مقتول کے قتل میں بھارتی ایجنسی را کے ملوث ہونے کے ثبوت ملے تھے، رواں سال فروری میں ماہر تعلیم خالد رضا کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا، پولیس حکام کے مطابق خالد رضا کے قتل کی ذمہ داری کالعدم تنظیم نے قبول کی تھی۔

Comments

اہم ترین

افضل خان
افضل خان
افضل خان اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں