ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

احسن اقبال کو آئندہ وزیر نہیں بنانا چاہیے، دانیال عزیز

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز کا کہنا ہے کہ احسن اقبال مہنگائی کے ذمہ دار ہیں ن لیگ کو انہیں آئندہ وزیر نہیں بنانا چاہیے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف ری ریکارڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز نے کہا کہ واضح بتا چکا ہوں میں نے کسی کے لیے پارٹی ٹکٹ کی سفارش نہیں کی، اویس قاسم تو دور کسی سطح پر بھی پارٹی ٹکٹ کی سفارش نہیں کی۔

دانیال عزیز نے کہا کہ گوجرانوالہ میں ٹکٹوں کا فیصلہ 13 تاریخ کو ہوگا تو پھر کیا مہنگائی کم ہوجائے گی، نیشنل پرائس کنٹرول کمیٹی کے چیئرمین احسن اقبال تھے ان کے اقدامات کی وجہ سے ہی مہنگائی ہوئی وہی بطور چیئرمین ڈائریکشن دیتے تھے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ نیشنل پرائس کنٹرول کے چیئرمین احسن اقبال تھے شہباز شریف کیسے ذمہ دار ہیں، آئندہ بتاؤں گا کہ مہنگائی کیسے ہوئی اور اس کا ذمہ دار کون ہے، ایکسچینج کنٹرول میں نہیں آرہا تھا تو احسن اقبال نے کیا ڈائریکشن تھی۔

دانیال عزیز نے کہا کہ احسن اقبال ڈائریکشن نہیں دے رہے تھے تو کیا کمیٹی میں لُڈو کھیل رہے تھے، ان کو سوچ سمجھ کر چیئرمین نیشنل پرائس کنٹرول کمیٹی بنایا گیا، وہ عہدے پر براجمان ہوئے تو مہنگائی ہوئی، مہنگائی بھی کیسے ہوئی اس کا مجھے معلوم ہے، اگر ان کی یہی کارکردگی ہے تو آئندہ ان کو وزیر ہی نہیں بنانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے بہت سے لوگ ہیں جو مصروف نظر آتے ہیں لیکن کرتے کچھ نہیں، احسن اقبال بریفنگز لیتے تھے اور اقدامات کچھ کرتے ہی نہیں تھے، نیشنل پرائس کنٹرول کمیٹی میں ان کی بس آنیاں جانیاں تھیں، وہ اعتراف کیں کہ ان کے پاس کوئی اقدامات ہی نہیں تھے وہ کیا عوام کو بے وقوف بنانے کے لیے کمیٹی کی میٹنگز کرتے تھے۔

دانیال عزیز نے کہا کہ عوام بے وقوف نہیں ہیں، عوام پوچھتے ہیں مہنگائی کیسے ہوئی، مہنگائی کس وجہ سے ہوئی آگے جاکر بتاؤں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ احسن اقبال کا ماننا ہے کہ پی ٹی آئی نے مہنگائی کی ہے تو دستاویزات کہاں ہیں، پی ٹی آئی نے مہنگائی کی ہے تو احسن اقبال ہمیں بتائیں ثبوت پیش کریں، مہنگائی ہوتی نہیں کی جاتی ہے اور اس کا کوئی نہ کوئی بینفشری ہوتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں دانیال عزیز نے کہا کہ لاہور میں موجود ہوں ابھی تک شوکاز موصول نہیں ہوا جو نواز شریف کے وفادار ہیں ان سب کو شوکاز دیے گئے ہیں، جاوید لطیف، چوہدری تنویر اور مجھے شوکاز کی باتیں کی جارہی ہیں، ن لیگ میں ایک خاص گروپ ہے جو مصروف رہتا ہے کرتا کچھ نہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں