ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ ازدواجی بندھن میں بندھنے کے بعد اٹلی سے واپس بھارت پہنچ گئے جہاں اُن کا شاندار استقبال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ کے دونوں اداکاروں نے شادی کی تقریبات کے لیے اٹلی کے خوبصورت مقام لیک کومو کا انتخاب کیا تھا جہاں 14 اور 15 تاریخ کو دو علیحدہ علیحدہ مذہبی رسومات کے تحت شادی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ پہلے روز تقریب کی میزبانی لڑکی والوں نے جب کہ دوسرے دن رنویر کے اہل خانہ نے کی۔
چودہ نومبر کو شادی کی تقریب جنوبی بھارتی (ہندو مذہب) رسم و روایات کی طرز پر منعقد ہوئی جس میں دپیکا نے نارنجی مائل عروسی ساڑھی اور رنویر نے بھی دلہے کا ثقافتی لباس ’دھوتی کرتا’ زیب تن کیا تھا۔
شادی کے دوسرے روز کی تقریبات سندھی روایات کے مطابق انجام دی گئیں، جس میں دپیکا نے سرخ لہنگا زیب تن کیا اور وہ روایتی دلہن بھی بنیں جبکہ رنویر نے اسی کے ملتے جلتے رنگ کا کلاہ پہنا۔
WATCH: Ranveer Singh and Deepika Padukone at Ranveer Singh’s residence in Mumbai. They got married earlier this week in Italy’s Lombardy pic.twitter.com/kgaiq87WTO
— ANI (@ANI) November 18, 2018
واضح رہے کہ دپیکا ہندو جبکہ رنویر سکھ مذہب سے تعلق رکھتے ہیں۔ اٹلی میں ہونے والی تقریبات میں مخصوص لوگوں نے ہی شرکت کی تھی۔
دونوں اداروں کے اہل خانہ نے قبل از وقت شادی کی تصویر سامنے نہ لانے کا فیصلہ کیا تھا جس کے لیے ہوٹل انتظامیہ سے سخت اقدامات کرنے کی استدعا بھی کی تھی۔
مزید پڑھیں: دیپ ویر شادی، دپیکا کا دوپٹہ اور فرح خان کا منفرد تحفہ مقبول
شادی میں شرکت کرنے والے مہمانوں کے پنڈال میں داخل ہونے سے قبل موبائل کیمرے ناکارہ بنا دیے گئے تھے جبکہ تصویر یا ویڈیو کو روکنے کے لیے فضا میں اڑنے والے ڈرونز کی بھی اطراف میں پابندی عائد کی گئی تھی۔
سیکیورٹی کے سخت اقدامات کے باوجود پہلے روز سے ہی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آنا شروع ہوگئی تھیں، بعد ازاں دپیکاپڈوکون اور رنویر سنگھ نے اپنی شادی کی تصدیق کرتے ہوئے خود ہی تصاویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کردی تھیں۔
نوبیاہتا جوڑے کی بھارت واپسی
بالی ووڈ کا نوبیاہتا جوڑا اتوار 11 نومبر کی علی الصبح ممبئی ائیرپورٹ پہنچا تو وہاں پہلے سے ہی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، دونوں اداکاروں کو سیکیورٹی حصار میں ہی ائیرپورٹ سے گھروں کی جانب روانہ کیا گیا۔
سوشل میڈیا پر جاری تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں نے ایک جیسے رنگ کے کپڑے زیب تن کیے ہوئے تھے اور دونوں کے چہروں پر خوشی واضح تھی۔
یہ بھی پڑھیں: مداحوں کا انتظار ختم، دپیکا رنویر نے شادی کی تصاویر شیئر کردیں
دونوں اداکاروں نے وطن واپسی کا کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا تھا مگر اُس کے باوجود جیسے ہی بھارتی میڈیا نے رات گئے واپسی کی خبر نشر کی تو ممبئی ائیرپورٹ پر مداحوں کی بڑی تعداد انہیں خوش آمدید کرنے کے لیے پہنچ گئی اور جوڑے کا استقبال پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے کیا۔
دپیکا اور رنویر نے میڈیا سے مختصر گفتگو کی جس میں انہوں نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مستقبل میں دعا کرنے کی استدعا بھی کی۔
بھارت میں استقبالیہ تقاریب کا شیڈول
وطن واپس پہنچنے کے بعد دپیکا اور رنویر اپنے ساتھی فنکاروں، دوستوں اور مداحوں کے لیے علیحدہ علیحدہ تقریبات کا انعقاد کریں گے، اداکارہ نے بنگلور میں 21 نومبر اور رنویر نے 28 نومبر کو ممبئی میں استقبالیہ دینے کا فیصلہ کیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یکم دسمبر کو دونوں اداکاروں کی طرف سے ممبئی میں شادی کے جشن کی شاندار تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔