ممبئی: بالی ووڈ کے نوبیاہتا جوڑے رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون نے جمعے کے روز تاریخی مندر کا دورہ کیا اور خصوصی عبادات بھی کیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دپیکا اور رنویر اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ممبئی کے تاریخی مندر پہنچے جہاں دونوں خاندانوں نے خصوصی عبادات بھی کیں۔
دونوں اداکاروں کے مداحوں کو جب مندر آمد کا معلوم ہوا تو بڑی تعداد میں لوگ وہاں جمع ہوگئے اور نوبیاہتا جوڑے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
دپیکا نے اس موقع پر گرے رنگ کا قمیص شلوار جبکہ رنویر نے شیرانی اور پاجامہ زیب تن کیا ہوا تھا۔
مزید پڑھیں: شادی کے بعد رنویر سنگھ نے خاموشی توڑ دی، کھل کر محبت کا اظہار
گزشتہ روز رنویر اور اُن کے اہل خانہ کی جانب سے ممبئی میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں رشتے داروں ، دوستوں اور بالی ووڈ کی معروف شخصیات نے بھی شرکت کی تھی۔
یاد رہے کہ دونوں اداکاروں نے 14 اور 15 نومبر کو اٹلی کے خوبصورت مقام لیک کومو میں شادی کی تھی بعد ازاں یہ جوڑا ایک ہفتے قبل بھارت واپس پہنچا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: دپیکا اپنی مہندی پر پاکستانی کلام سُن کر جھوم اٹھیں
دونوں اداکاروں نے وطن واپسی کے بعد دو علیحدہ علیحدہ استقبالیہ تقاریب کا اعلان کیا تھا، دپیکا نے بنگلور جبکہ رنویر نے ممبئی میں تقاریب کیں اسی دوران ممبئی میں اداکار کی بہن رتیکا بھوانی نے بھی استقبالیہ تقریب رکھی تھی۔
رتیکا کی جانب سے منعقدہ تقریب میں رنویر نے پہلی بار دپیکا سے کھل کر اپنے جذبات کا اظہار کیا تھا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’میں نے والدین کی دعاؤں کی بدولت دنیا کی سب سے خوبصورت لڑکی سے شادی کی اور اب میں بہت زیادہ خوش ہوں‘۔
دونوں اداکاروں کی جانب سے شادی کا مشترکہ استقبالیہ یکم دسمبر کو ممبئی میں دیا جائے گا جس میں مداحوں ، بالی ووڈ شخصیات اور سیاستدانوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔