ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ دپیکاپڈوکون اور رنویر سنگھ ازدواجی بندھن میں بندھ گئے اور انہوں نے تاحیات ایک دوسرے کا ساتھ نبھانے کا عہد کیا۔
بالی ووڈ سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق دونوں اداکاروں کی شادی اٹلی کے سب سے خوبصورت مقام ’کومو‘ میں جنوبی بھارتی رسومات کی طرز پر منعقد کی گئی۔ تقریب میں شرکت کے لیے مخصوص مہمانوں کو ہی دعوت نامہ بھیجا گیا، گزشتہ رات دونوں اداکارں کی مہندی کی رسم ہوئی جس میں قریبی دوستوں اور رشتے داروں نے خوب ہلہ گلہ کیا۔
شادی کی تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں کے موبائل استعمال کرنے پر سخت پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ پنڈال میں داخل ہونے سے قبل مہمانوں کی سخت چیکنگ اور اُن کے موبائل کیمرے پر ایک سینسر نصب کیا گیا تاکہ تصاویر سامنے نہ آسکیں۔
کوئی تصویر قبل ازوقت سامنے نہ آجائے اس وجہ سے دونوں کے اہل خانہ نے ہوٹل انتظامیہ سے خصوصی انتظامات کرنے کی استدعا کی، پنڈال کے قرب و جوار سے کوئی تصویر نہ بنا لے اسی لیے پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ موبائلز غیرمعمولی گشت بھی کررہی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کل یعنی 15 نومبر بروز جمعرات منعقد ہونے والی تقریب رنویر سنگھ کے مذہبی (سکھ) عقائد پر ہوگی، دونوں دن سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور انتظامیہ نے تصویر نہ لینے کے لیے ڈرونز کیمروں کو بھی روکنے کے خصوصی انتظامات کیے۔
دونوں اداکاروں کے مداحوں کو شادی کی تصاویر کا شدت سے انتظار ہے تاہم اس حوالے سے کسی کے پاس کوئی بھی اطلاع نہیں البتہ بالی ووڈ ہدایت کار کرن جوہر نے ایک ٹویٹ کیا جس سے تاثر ملتا ہے کہ وہ بھی تقریب میں شریک ہیں۔
کرن جوہر کا اپنے ٹویٹ میں کہنا تھا کہ ’دپیکا، رنویر کی جوڑی بہت اچھی لگ رہی ہے، دونوں اپنی نظر اتار لو‘۔
Such a stunning gorgeous and beautiful couple!!!! Nazar utar lo! @deepikapadukone and @RanveerOfficial !! Badhai ho !!! Love you both!!! Here’s to a lifetime of love and joy!❤️❤️❤️❤️❤️
— Karan Johar (@karanjohar) November 14, 2018
علاوہ ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر تقریب کی دیگر تصاویر بھی سامنے آئیں مگر کوئی بھی واضح نہیں ہے، بھارتی میڈیا کے مطابق تقریب میں آنے والے لوگوں کو خصوصی پاس دیے گئے۔
دونوں اداکاروں کے اہل خانہ نے مہمانوں کے لیے 75 کمرے بک کرائے اور جن میں سے ایک کا کرایہ ایک کروڑ 73 لاکھ بھارتی روپے (3 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں اداکار 18 نومبر کو وطن واپس آئیں گے جس کے بعد وہ 21 اور 28 نومبر کو علیحدہ علیحدہ تقاریب کا اہتمام بھی کریں گے۔
تصاویر /ویڈیوز