جمعرات, مئی 23, 2024
اشتہار

وزیراعلیٰ دہلی اروند کیجریوال کی جیل میں بیٹھ کر حکومت، گرفتاری کے بعد پہلا حکم جاری

اشتہار

حیرت انگیز

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال جو ان دنوں گرفتار ہیں نے دوران حراست پہلا حکم نامہ پانی کی کمی سے دوچار علاقوں میں قلت دور کرنے کا جاری کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عام آدمی پارٹی سے تعلق رکھنے والے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال جو اپنے عوامی فلاحی منصوبوں کے باعث شہرت رکھتے ہیں کو گزشتہ دنوں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے شراب پالیسی میں کرپشن کے الزام میں  گرفتار کیا تھا۔ انہوں نے دوران حراست بھی عوامی فلاح کے کاموں کو ترجیح دی اور گرفتاری کے دوران پہلا حکمنامہ پانی کی کمی سے دوچار علاقوں میں صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔

اروند کیجریوال نے یہ حکم ایک تحریری نوٹ کی شکل میں دہلی کے وزیر برائے پانی آتیشی کو بھیجا اور ہدایت کی کہ پانی کی قلت کا شکار علاقوں میں ٹینکروں کے ذریعے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

- Advertisement -

دہلی کے وزیر پانی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ وزیراعلٰی کیجریوال نے محکمے کو ہدایت کی ہے کہ شہر کے متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور اگر ضرورت پڑے تو اس کے لیے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینا سے بھی مدد لی جائے۔

وزیراعلٰی کیجریوال نے لکھا ہے کہ مجھے معلوم ہوا ہے کہ دہلی کے کچھ حصوں میں لوگوں کو پانی اور گٹر سے متعلق مسائل کا سامنا ہے۔ میں اس بارے میں پریشان ہوں۔ لوگوں کو ان مسائل کا سامنا نہیں کرنا چاہیے کیونکہ میں جیل میں ہوں۔

واضح رہے کہ کیجریوال کی گرفتاری کے بعد عام آدمی پارٹی نے اعلان کیا تھا کہ قیادت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی اور وزیر اعلٰی جیل میں بیٹھ کر حکومتی امور چلائیں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں