ہفتہ, مئی 11, 2024
اشتہار

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے دھمکی آمیز مراسلہ ایوان میں لہرا دیا

اشتہار

حیرت انگیز

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے نئے قائد ایوان کے اجلاس کے آغاز میں دھمکی آمیز مراسلہ ایوان میں لہرا دیا اور کہا کہ مراسلے میں آقا کی طرف سےصاف لکھا ہے کہ تحریک کامیاب نہ ہوئی تو سخت نتائج ہونگے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق نئے قائد ایوان کے انتخاب کیلیے قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی زیرصدارت شروع ہوا جس میں قائم مقام اسپیکر نے اپنی بات شروع کرنے سے قبل واضح طور پر کہا کہ گیلری میں سے کسی نے نعرے بازی کی تو باہر نکال دیا جائیگا اس کے بعد ایوان میں مراسلہ لہراتے ہوئے کہا کہ یہ دھمکی آمیز مراسلہ میرے ہاتھ میں ہے، جس میں آقا کی طرف سےصاف لکھا ہے کہ تحریک کامیاب نہ ہوئی تو سخت نتائج ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کیخلاف عدم اعتماد پر ووٹنگ ہوچکی ہے، عدم اعتماد پر میری رولنگ کو عدالت نے غیرقانونی قرار دیا اس پر کافی بحث ہوئی، میں نے جو کچھ کیا آئین کی پاسداری کرتے ہوئےکیا، عدالت کے فیصلے کو من وعن تسلیم کیا، لیکن میں آج بھی کہتا ہوں کہ میں نے رولنگ محب وطن پاکستانی کے طور پر دی تھی۔

- Advertisement -

قاسم سوری نے کہاکہ وفاقی کابینہ، قومی سلامتی کمیٹی میں مراسلہ زیربحث لایا گیا، سب نے اس بات کی تائید کی کہ عمران خان کیخلاف عدم اعتماد عالمی سازش ہے، یہ مراسلہ ڈی کلاسیفائی ہونے کےبعد اسد قیصر نے خود پڑھا۔

ڈپٹی اسپیکر کا کہنا تھا کہ آج عمران خان کو غلامی نہ ماننے پر سزا دی، کیاعمران خان کا قصورآزاد خارجہ پالیسی تھی، کیا قائداعظم نے یہ ملک غلامی کرنے کیلئے بنایا تھا، آپ سب سے گزارش ہے بطور پاکستانی اس معاملے پر ضرور سوچیں، میں قومی اسمبلی کی طرف سے سپریم کورٹ کو مراسلہ سیل کرکے بھیج رہاہوں۔

قاسم سوری نے مزید کہا کہ میں نےایوان کو رولز کے مطابق چلانے کی پوری کوشش کی، مجھ سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو میں معذرت چاہتا ہوں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں