کراچی: معروف پاکستانی اداکارہ اقرا عزیز اور یاسر حسین کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس نے مداحوں کو یہ سوچنے پر مجبور کردیا ہے کہ کیا واقعی اقرا عزیز نے یاسر حسین کو پروپوز کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اداکار و ٹی وی میزبان یاسر حسین نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں ایسی تصویر لگائی جس کو دیکھ کر تو پہلی نظر میں یہی خیال آتا ہے کہ یہ اقرا عزیز کی جانب سے انہیں شادی کی پیشکش کی جارہی ہے۔
تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اقرا عزیز گھٹنوں کے بل بیٹھ کر یاسر حسین کو گلاب کا پھول دے رہی ہیں اور پوسٹ کے کیپشن میں لکھا ہے ’زمانہ بدل گیا ہے صاحب، عورت کو کمزور سمجھنے والا ذہن کمزور ہے۔‘
اس کے ساتھ ساتھ معروف شاعر جون ایلیا کا شعر بھی ہے ’علاج یہ ہے کہ مجبور کردیا جاؤں، وگرنہ یوں تو کسی کی نہیں سنی میں نے۔‘ اقرا عزیز نے بھی اس پوسٹ پر کمنٹ کیا کہ مجبور تو دونوں ہیں۔
یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ اقرا عزیز نے یاسر حسین کو شادی کی پیشکش کی ہے تاہم مداحوں کی جانب سے دونوں کو مبارکباد دینے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
اس سے پہلے بھی کئی مواقعوں پر اقرا عزیز واضح کرچکی ہیں کہ یاسر حسین میرے بہت اچھے دوست ہیں، انہوں نے کہا کہ میں پہلے بہت پریشان رہتی تھی لیکن یاسر کی آمد سے مثبت چیزیں ہونا شروع ہوگئی ہیں۔
اقرا کے مطابق یاسر کی بدولت انہیں زندگی کو مختلف نظر سے دیکھنے میں مدد ملی اور وہ انہیں اپنی زندگی کی مثبت شخصیت مانتی ہیں۔
واضح رہے کہ اقرا عزیز تیزی سے ابھرتی ہوئی اداکارہ ہیں اور مختلف ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا رہی ہیں انہوں نے 2014 میں ڈیبیو کیا تھا جبکہ یاسر حسین کا نام بھی غیر معروف نہیں جو اداکاری اور میزبان دونوں شعبوں میں اپنی صلاحیتیں بخوبی انجام دے رہے ہیں۔