ممبئی: بالی ووڈ انڈسٹری کے نامور گلوکار نتین بالی ٹریفک حادثے میں زخمی ہوئے تاہم ڈاکٹر کی غفلت کے باعث وہ موت کے منہ میں چلے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سن 1990 کی دہائی میں ’نیلے نیلے امبر‘ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے گلوکار کی گاڑی کو گزشتہ روز ممبئی کے مضافاتی علاقے میں خطرناک حادثہ پیش آیا۔
نتین کی گاڑی حادثے میں تباہ ہوگئی تھی جبکہ انہیں چوٹیں بھی آئیں تھیں، مقامی لوگوں نے ایمبولینس طلب کر کے گلوکار کو اسپتال منتقل کروایا جہاں ڈاکٹر نے انہیں طبی امداد دی۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق 47 سالہ نتین کے چہرے پر ظاہری چوٹیں تھیں جن پر مرہم پٹی کر کے انہیں فارغ کردیا گیا تھا کیونکہ اُن کی طبیعت کافی بہتر ہوگئی تھی۔
ابتدائی علاج کے بعد گلوکار کو دو روز قبل گھر منتقل کیا گیا مگر اُن کی طبیعت ایک بار پھر خراب ہوئی جس کے بعد انہیں دوبارہ اسپتال لایا گیا۔ ڈاکٹرز نے گلوکار کو بچانے کی سرتوڑ کوشش کی مگر وہ جانبر نہ ہوسکے۔
میڈیکل لیگو آفیسر کے مطابق نتین کے سر پر شدید چوٹیں آئیں تھیں جن پر ڈاکٹرز نے غور نہیں کیا اور وہی موت کا سبب بنیں، اگر ابتدائی طبی امداد کے دوران سٹی اسکین کر لیا جاتا تو گلوکار کی جان بچائی جاسکتی تھی۔
واضح رہے کہ نتین نے اپنے شوبز کیریئر میں کئی مشہور گیت گائے جن میں ’چھو کر میرے من کو‘ ، ’پل پل دل کے پاس‘ اور ’نیلے نیلے امبر‘ کے ری میک تھے جو انڈسٹری میں اُن کی پہچان بنے۔
گلوکار نے ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ روما بالی سے شادی کی تھی جس کے بعد اُن کے ہاں ایک بیٹے کی پیدائش ہوئی۔