ہمارے مذہب میں تمام دن اﷲ تعالیٰ کے عطا کردہ ہیں مگر جمعہ کا دن ایک خاص اہمیت رکھتا ہے جمعہ کے دن اﷲ تعالیٰ خاص رحمت اور انعام عطا فرماتے ہیں۔جمعہ کے دن جہنم کی آگ نہیں سلگائی جاتی، جمعہ کے دن مرنے والا خوش نصیب شہید کا درجہ رکھتا ہے اورعذاب قبر سے محفوظ ہوجاتا ہے، جمعہ کی رات دوزخ کے تمام دروازے بند کردیئے جاتے ہیں، جمعہ یوم عید ہے اور تمام دنوں کا سردار ہے، اگرجمعہ کو حج کا دن آجئے تو وہ حجِ اکبر ہے اوراس کا ثواب ستر (70)حج کے برابر ہوتا ہے۔
جمعہ کی ایک نیک عمل کا ثواب ستر(70)گنا ہے اور اسی طرح جمعہ کے دن کے گناہ کا عذاب بھی ستر(70) گنا ہوتا ہے۔اﷲ تعالیٰ نے جمعہ کے فضائل کے بارے میں قرآن شریف میں جمعے کے نام کی ایک پوری سورۃ "سورۃ جمعہ”نازل فرمائی ہے۔
https://soundcloud.com/aryqtv/62-surah-al-jumua-cd-32
جس طرح کسی بھی کام یا تہوار کے کچھ مخصوص آداب ہوتے ہیںجمعے کے دن کے لئے بھی کچھ ایسے اعمال ہیں جن ک ہمیں خاص خیال کرنا چاہئیے۔ جمعے کے دن کچھ ایسی چیزیں بھی ہیں جو دھیرے دھیرے ہمارے معاشرے میں ترویج پارہی ہیں حالانکہ وہ اصولاً غلط ہیں اور ان کی روک تھام کے لئے دامے درمے سخنے ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔
ہماری غلطیاں
بعض لوگ نمازِ جمعہ کاہلی اور سستی کی وجہ سے چھوڑدیتے ہیں، حالانکہ نبی کریم کا فرمان ہے کہ
خبردار! لوگ جمعہ چھوڑنے سے رُک جائیں یا پھراللہ تعالیٰ اُن کے دلوں پرمہر لگادے گا، پھر یہ لوگ غافلین میں سے ہوجائیں گے۔
رواه مسلم 865
بعض لوگ نمازِجمعہ کے لیے آتے وقت جمعہ کی نیت کے استحضار کا خیال نہیں رکھتے، اور عام معمول کے مطابق مسجد پہنچ جاتے ہیں، حالانکہ جمعہ اور دیگر عبادات کی درستگی کے لیے نیت کا ہونا شرط ہے۔آپ کا ارشادِ گرامی ہے کہ ’’اعمال کا دارومدار نیتوں پرہے‘‘۔
رواه البخاري
جمعہ کی رات میں دیرتک شبِ بیداری کرنا، اورنمازِفجر کے وقت سوتے رہنا، جس کی وجہ سے جمعہ کے دن کا آغازہی کبیرہ گناہ سے ہوتا ہے، حالانکہ فرمان نبوی ہے ’’اللہ تعالیٰ کے نزدیک نمازوں میں افضل ترین نماز جمعہ کے دن کی باجماعت فجر کی نماز ہے‘‘۔
صححہ الالبانی 1566 في السلسلۃ الصحیۃ
خطبہ جمعہ میں شریک ہونے میں غفلت اور سستی سے کام لینا، بعض لوگ خطبہ کے دوران مسجد پہنچتے ہیں اور بعض کا تو یہ حال ہوتا ہے اس وقت مسجد پہنچتے ہیں جب جمعہ کی نماز شروع ہوجاتی ہے۔
جمعہ کا غسل چھوڑنا، خوشبو کا استعمال نہ کرنا، مسواک کا اہتمام نہ کرنا اسی طرح جمعہ کے دن اچھے کپڑے زیب تن نہ کرنا۔
اذان جمعہ کے بعد خریدوفروخت کرنا؛ ارشاد باری تعالیٰ ہے
مومنو! جب جمعے کے دن نماز کے لیے اذان دی جائے گی تو اللہ کے ذکر کی طرف لپکو اور خرید وفروخت ترک کردو، اگر سمجھو تو یہ تمہارے حق میں بہتر ہے۔
الجمعۃ:9
اﷲ تعالیٰ ہمیں جمعہ کی فضیلت اور اہمیت کی سمجھ عطا ء فرمائے اور جمعے کے دن میں زیادہ سے زیادہ نیک اعمال کرنے کی توفیق عطاء فرمائے۔(آمین)۔