کیلیفورنیا : ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر فیس بک نے صارفین کے لئے شاندار فیچر متعارف کروادیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہر سال مئی کے دوسرے اتوار کو دنیا بھر میں ماؤں کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اس دن کی مناسبت سے ہر شخص کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنی ماں سے محبت کا اظہار کرے۔
فیس بک کی جانب سے خاص طور پراس دن کے حوالے سے ایک نیا فیچر متعارف کروایا گیا ہے، اس کے مطابق اب ہر فیس بک صارف مدرز ڈے پر اپنی والدہ کو تحفہ بھیج سکتا ہے۔
یہ نیا فیچر لائیک بٹن میں موجود دیگر جذبات کے ساتھ شامل کیا گیا ہے، اس کے علاوہ فیس بک کی جانب سے اسمارٹ فون میسنجر میں ایک پھولوں بھرا میسج وصول ہوگا۔
اس تصویر پر کلک کر کے آپ یہ پھول اپنی پیاری امی جان کو بھیج سکیں گے۔ جبکہ وال پر یہ پھول صرف مخصوص پوسٹ کے نیچے ڈالنے کے لئے موجود ہوگا۔
اس سے قبل فیس بک نے صارفین کے لئے ایک خاص آن لائن تصویر کا آپشن متعارف کرایا ہے، جس میں ماں سے محبت کے اظہار کے لئے مخصوص الفاظ درج کئے گئے ہیں۔
واضح رہے ہر شخص اس دن اپنی والدہ سے مختلف انداز سے محبت کا اظہار کرتا ہے، اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامیہ کی جانب سے یہ مخصوص فیچر کے علاوہ میسنجر کی تھیم کو بھی تبدیل کردیا گیا، جسے صارفین نے بے حد پسند کیا ہے۔