منگل, ستمبر 17, 2024
اشتہار

فیصل واوڈا کو مبینہ طور پر گالی دینے پر فلک ناز کی سینیٹ رکنیت معطل

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: سینیٹ اجلاس کے دوران سینئر سیاستدان فیصل واوڈا کو ان کی تقریر کے دوران مبینہ طور پر گالی دینے پر پی ٹی آئی سینیٹر فلک ناز کی رکنیت معطل کر دی گئی۔

چیئرمین یوسف رضا گیلانی کی زیرِ صدارت سینیٹ اجلاس کے دوران فیصل وواڈا نے بانی پی ٹی آئی پر لفظی وار کیا جس سے ایوان میں ہنگامہ ہوا۔ اس دوران فلک ناز نے نازیبا الفاظ استعمال کیے اور بولیں کہ آپ کی جرات کیسے ہوئی ہمارے لیڈر کا نام لیں۔

اس پر فیصل وواڈا نے کہا کہ کونسا لیڈر؟ اس پر فلک ناز نے نازیبا الفاظ بولے جس پر چیئرمین سینیٹ نے ان کی رکنیت دو روز کیلیے معطل کر کے اجلاس کل تک ملتوی کر دیا۔

- Advertisement -

فیصل واوڈا کی دھواں دھار تقریر

سینیٹر نے کہا کہ ہمارے ملک میں جلاؤ گھیراؤ آگ لگانے کا ماحول ہے ایسے میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اپنے ادارے میں احتساب کا عمل شروع کر کے ایک ماحول بنایا، سپہ سالار نے پاکستان کو ترجیح دے کر اپنے ہی جنرل کا احتساب شروع کیا، ہمیں بھی یہی کام کرنا چاہیے جیسے پاک فوج میں احتساب شروع ہوا، پی ٹی آئی نیب ترمیم کے خلاف تھی پھر اس سے خود فائدہ اٹھا لیا، پی ٹی آئی پاکستان کو توڑنے کی کوشش نہ کرے ماحول کا خیال رکھے۔

انہوں نے کہا کہ میرا اختلاف اگر ہے تو ن لیگ کی سیاست سے ہے، گرفتاریاں پارلیمنٹ سے ہوئیں تو کہتے ہیں مذمت کریں، اگر آپ پاکستان توڑنے کی بات نہ کرتے تو ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہوتے، ہم پی ٹی آئی کے لوگوں کی ماں اور بہنوں اپنا سمجھتے ہیں، سندھی، پٹھان اور پنجابی ہونے کی ضرورت نہیں، آپ پنجاب آئیں یا سندھ آئیں آپ کو ڈھول باجوں کے بغیر لٹائیں گے، جب آپ کو یہاں سے روانہ کیا ہے تو اپنا حق بھی ادا کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ فوج سے بات کرنے کیلیے مر رہے ہیں آپ کے سب لوگ کمپرومائزڈ ہیں، یہ لوگ پیر پکڑتے ہیں مافیاں مانگتے ہیں منتیں کرتے ہیں، آج جو حال قومی کرکٹ کا ہے میں پاکستان کو یہ نہیں بننے دوں گا، علی امین گنڈاپور صاحب کہتے ہیں ہم جیل کو توڑیں گے، آپ کے جتنے لوگ ہیں سب نے سمجھوتے کر رکھے ہیں، اگر جیل توڑنے کی بات کرتے ہیں تو بانی پی ٹی آئی کی ذمہ داری بھی علی امین گنڈاپور کی ہے، ایک بٹن دبا کر ان کو منہ دکھانے کے قابل نہیں چھوڑوں گا۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ یہ کیسا اتفاق تھا کہ بانی پی ٹی آئی، فیض حمید اور مراد سعید سب کو پتا تھا، ایک بے گناہ آدمی کو اپنی سیاست کیلیے مروا دیا گیا، جس باپ کی آپ بات کر رہے ہیں اس کے سرپر بیٹھ کر آپ آئے تھے، فیض حمید کے ذریعے آپ حکومت میں آئے تھے، کل آپ نے ایک ڈرامہ کر کے فیصلہ کر لیا تھا تو حکومت کیا کررہی ہے، پاک فوج میں احتساب کا باقاعدہ نظام موجود ہے۔

سینیٹر نے کہا کہ کل علی امین گنڈاپور پیٹس کھا کر گیا ہے اور کہا گیا کہ جیمرز لگے تھے، یہ ملک توڑنے کی سازش کر رہے ہیں، یہ چاہتے ہیں ان کو اقتدار دے دیں ہم کیا یہاں لال رومال لے کر بیٹھے ہیں، چیئرمین ہاؤس کو ان آرڈر کریں، آپ ہماری ماؤں بہنوں کو گالیاں دیں تو کیا ہم برداشت کریں گے، ہم نے 15 سال اس پارٹی کو پیسہ بھی دیا اور خون بھی دیا ہے، ابھی تو کام شروع ہوا ہے یہ ہمیں کہتے ہیں بانی پی ٹی آئی کی عزت کرو۔

اس پر چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آپ سب سے گزارش ہے کہ بیٹھ جائیں۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ چیئرمین صاحب میری باری ہے مجھے بولنے دیں، یہ لوگ مجھے گالیاں دے رہے ہیں سارجنٹ کو بلائیں ان کو گرفتار کرائیں، یہ ہمیں گالیاں دے رہے ہیں اور ان کے الفاظ حذف کرنے سے کام نہیں چلے گا، کیا ہم یہاں ان کی گالیاں سننے آئے ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ بینڈ باجے کے بعد بھی آئیں گے کیا انہوں نے ہمیں اپنے جیسا سمجھا ہوا ہے، چیئرمین صاحب ان لوگوں نے یہاں گالیاں دی ہیں انھیں معافی مانگنا ہوگی، چیئرمین صاحب اس گالی کا رواج کہیں اور تک جائے گا ہم گالی کا جواب گالی سے نہیں دیں گے، چیئرمین صاحب میری گزارش ہے سارجنٹ کو بلائیں انھیں گرفتار کرائیں، گالی دینا کسی کا حق نہیں ہے یہ پاکستان اور اس کی اسمبلی ہے، ان کے الفاظ حذف کرنے کے بجائے ان کی اسمبلی رکنیت کو معطل کریں۔

انہوں نے کہا کہ یہ معافی مانگتے ہیں تو دے دیتے ہیں گالی کی اجازت دے دیتے ہیں ایسا نہیں چلے گا، چیئرمین صاحب آپ کو انھیں معطل کرنا پڑے گا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اگر یہ معافی نہیں مانگتیں تو میں رکنیت معطل کروں گا۔ سینیٹر فلک ناز نے معافی مانگنے سے انکار کیا جس کے بعد یوسف رضا گیلانی نے ان کی 2 روز کیلیے رکنیت معطل کر دی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں