فلوریڈا: پاکستانی گلوکار واداکار فخرعالم کا ’مشن پرواز‘ کامیابی سے مکمل ہوگیا جس کے بعد وہ تنہا جہاز پردنیا کا چکرلگانے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی گلوکارو اداکار فخرعالم کا ’مشن پرواز‘ مکمل ہوگیا، وہ دنیا کا چکر لگانے والے پہلے پاکستانی پائلٹ بن گئے۔
فخرعالم نے ’مشن پرواز‘ مکمل ہونے کی خوشخبری سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرپاکستانی پرچم لہرا کر ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے دی۔
Pakistan #MissionParwaaz Mission Accomplished we are now in the history books of aviation…. pic.twitter.com/0x4rFsgwDi
— Fakhr-e-Alam (@falamb3) November 3, 2018
یاد رہے کہ پاکستانی گلوکار و اداکار نے ’مشن پرواز‘ کا سفر امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر واٹرز سے 10 اکتوبر کی صبح 7 بجے شروع کیا تھا، 28 دن پر مشتمل اس مشن میں وہ دنیا کے مختلف ممالک کے 32 ائیرپورٹس پر گئے۔
فخرعالم کوتین سال قبل 2015 میں پائلٹ کا لائسنس ملا تھا، اُن کا خواب تھا کہ وہ خود جہاز اڑا کر دنیا بھر کا چکر لگائیں۔
واضح رہے کہ 1940 کے بعد سے اب تک 200 افراد ایسے ہیں جو دنیا کا چکر لگانے میں کامیاب ہوئے، گزشتہ برس پاکستانی نژاد امریکی باپ بیٹے نے کوشش کی مگر بدقسمتی سے اُن کا جہاز ادھورے مشن میں ہی گر کرتباہ ہوگیا تھا۔