کراچی: ماضی کے مشہور اداکارہ و ہدایت کارہ شمیم آرا کو ہم سے بچھڑے دو برس بیت گئے لیکن ان کی لازوال اداکاری کی انمٹ نقوش آج بھی زندہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ماضی کی مشہور اداکارہ و ہدایت کارہ شمیم آرا کو ہم سے بچھڑے دو برس بیگ گئے ہیں، خوبصورت آواز، معصومانہ انداز اور دلکش اداکاری کے فن میں یکتا شمیم آرا آج بھی لوگوں کے ذہنوں پر نقش ہیں۔
شمیم آرا نے نائلہ سہیلی، آگ کا دریا، صاعقہ اور قیدی سمیت متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، انہوں نے اپنے دور میں ہر ہیرو کے ساتھ کام کیا لیکن ان کی جوڑی چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کے ساتھ بہت پسند کی گئی۔
شمیم آرا نے تیس مار خان اور جائیداد نامی دو پنجابی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے، ہدایت کاری میں فلمی دنیا میں اپنی قابلیت کا لوہا منوایا، انہوں نے نو نگار ایوارڈ حاصل کیے۔
شمیم آرا کو پہلی بار 1960 کے نگار ایوارڈز میں بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ ملا جبکہ 1964،1965،1967 اور1968 میں انہیں بہترین اداکارہ کا اعزاز ملا۔
انہیں 1993 اور 1994 میں بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ ملا جبکہ 1999 میں انہیں الیاس راشدی گولڈ میڈل نامی خصوص ایوارڈ بھی دیا گیا۔
شمیم آرا 1938ء کو متحدہ ہندوستان کے شہر علی گڑھ میں پیدا ہوئی تھیں جبکہ وہ طویل علالت کے بعد 5 اگست 2016 کو لندن میں انتقال کرگئی تھیں۔