ممبئی: بھارت کے پہلے خلا باز راکیش شرما کی زندگی پر بننے والی فلم ’سیلوٹ‘ میں عامر خان کی جگہ مرکزی کردار کے لیے شاہ رخ خان کو منتخب کرنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق راکیش شرما بھارت کے پہلی شخص ہیں جنہوں نے 1984 میں خلا کا سفر کیا اور وہ 7 دن کا کامیاب قیام کر کے واپس لوٹے تھے۔
راکیش شرما آئی ایس آر او (انڈین اسپیس آرگنائزیشن) اور سوویت انٹر کوسموس کے مشترکہ تعاون کے تحت خلا میں گئے تھے۔
بھارتی فلم پروڈیوسر سدھارتھ رائے کپورنے راکیش کمار کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اُن کی زندگی پر مبنی فلم بنانے کا فیصلہ گزشتہ برس کیا جس میں خلا باز کا کردار ادا کرنے کے لیے بالی ووڈ اداکار مسٹر پرفیکٹ عامر خان کو چنا گیا تھا تاہم انہوں نے ذاتی مصرفیات کی بنا پر کام کرنے سے معذرت کرلی۔
مزید پڑھیں: عامر خان بھی شاہ رخ اور سلمان کے مداح نکلے
فلم پروڈیوسر نے عامر خان کے انکار کے بعد مرکزی کردار کے لیے رنبیر کپور اور رنویر سنگھ کا نام تجویز کیا تھا تاہم اب یہ اطلاعات سامنے آئیں ہیں کہ عامر خان کی تجویز پر کنگ خان نے فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے کی ہامی بھر لی ہے جس کے بعد انہیں ’سیلوٹ‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے منتخب کرلیا گیا ہے۔
قبل ازیں یہ بھی اطلاعات سامنے آئیں تھیں کہ فلم میں مرکزی کردار کے لیے شاہ رخ خان اور اداکارہ دپیکا پڈوکون کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے تاہم کنگ خان اپنی نئی آنے والی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جو آئندہ سال دسمبر میں ریلیز کی جائے گی۔