کراچی: فلار ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عامر عبداللہ نے محکمہ خوراک سندھ پر کراچی آنے والی گندم کی ٹرکوں سے بھتہ لینے کا الزام لگایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فلار ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عامر عبداللہ نے بیان میں کہا ہے کہ محکمہ خوراک سندھ نے 13 پوائنٹس پر چیک پوسٹیں قائم کی ہیں، چیک پوسٹوں نے بھتہ خوری کے سابقہ ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔
فلار ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے کہا ہے کہ حکمہ خوراک سندھ ان چیک پوسٹوں پر ایک ٹرک سے ایک لاکھ روپے بھتہ وصول کر کے کراچی گندم لانے کی اجازت دی جاتی ہے۔
عامر عبداللہ نے کہا کہ چیک پوسٹ کو ختم کرنے کے مطالبات منظور نہیں ہوئے تو غیر معینہ مدت تک ہڑتال کرنے پر مجبور ہوں گے، سندھ حکومت کراچی گندم لانے پر بلیک میلنگ کی آخری حد تک چلی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ میں گندم کا ریٹ 10400 ہے، کراچی میں گندم 1400 روپے اضافے سے 11800 روپے میں ملتی ہے۔
چیئرمین فلار ملز ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ گندم کی سپلائی میں حائل چیک پوسٹوں کو فوری ہٹایا جائے، آج رات 12 بجے تک مطالبات منظور نہیں کیے تو ہڑتال کا اعلان کریں گے اور کراچی میں تمام فلار ملز بند کر دی جائیں گی۔