اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے دوسرے ممالک کی سرزمین پر حملے خطے کی سلامتی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں ،اسماعیل ہنیہ کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی افواج جنگی و انسانیت کیخلاف جرائم میں ملوث ہیں، ہمارے سیاسی بیانات علاقائی صورتحال کے حوالے سے جاری ہوتے ہیں۔
ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ایران میں اسماعیل ہنیہ کے قتل پر پاکستان حملے کی مذمت کرتا ہے،پاکستان اس حوالے سے اسرائیل کی مذمت کرتا ہے، اسرائیل کو اس کے جرائم پرانصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
انھوں نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کے قتل پر پاکستان ایرانی انتظامیہ سے تفصیلات کا انتظار کررہا ہے، امید ہے ایران تحقیقات کر کے تفصیلات جاری کرے گا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے دوسرے ممالک کی سرزمین پر حملے خطے کی سلامتی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، ایران میں اسماعیل ہنیہ پر حملہ پہلے سے تنازع سے دوچار خطے میں کشیدگی میں اضافہ کرسکتا ہے، اسماعیل ہنیہ پر حملے سے امن کیلئے کوششیں متاثرہوسکتی ہیں، ان کے قاتلوں کا احتساب ہونا چاہیے۔
ممتاز زہرا نے کہا کہ پاکستان خطے میں ہونے والی تبدیلیوں پر تحفظات رکھتا ہے، ہم نے او آئی سی و دیگر فورم پر وقفے وقفے سے تحفظات کا اظہار کیا، سلامتی کونسل اس حوالے سے عالمی قوانین کی بالا دستی یقینی بنائے۔
ترجمان نے بتایا کہ غیر ملکی سفارت کار،بزنس مین ورکراورسیاح پاکستان کےمہمان ہیں، ان کی سیکیورٹی و تحفظ پاکستان کی ذمہ داری ہے، ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کے حوالے سے مختلف محکمے کام کر رہے ہیں۔