اشتہار

مفت آٹا تقسیم میں بدنظمی، بھگدڑ، 3 خواتین جاں بحق، درجنوں زخمی

اشتہار

حیرت انگیز

پنجاب کے مختلف علاقوں میں مفت آٹا تقسیم کے دوران شدید بدنظمی اور بھگدڑ مچنے کے دوران 3 خواتین جاں بحق اور درجنوں افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے رمضان پیکیج کے تحت پنجاب اور خیبر پختونخوا صوبوں میں مستحقین میں مفت آٹا تقسیم جاری ہے تاہم منصوبہ بندی کے فقدان کے باعث آٹا پوائنٹس پر روز شدید بدنظمی، بھگدڑ، احتجاج اور پولیس کا مظاہرین پر تشدد کے واقعات ہو رہے ہیں۔

آج بھی مختلف علاقوں میں بدنظمی اور بھگدڑ مچنے کے باعث 3 خواتین جاں بحق جب کہ درجنوں افراد زخمی ہوگئے ہیں کئی مقامات پر آٹے کی تقسیم کو روک دیا گیا ہے جب کہ آٹا ملنے سے محروم رہنے پر احتجاج کرنے والے مرد وخواتین پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا ہے۔

- Advertisement -

ساہیوال کے قائد اعظم اسٹیڈیم میں مفت آٹے کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے 2 خواتین جاں بحق جب کہ 45 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ 19 زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور ضلع انتظامیہ وہاں پہنچ گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق واقعہ ناقص انتظامات کے باعث پیش آیا ہے۔

بھگدڑ مچنے اور خواتین کی ہلاکت کے بعد انتظامیہ نے آٹے کی فراہمی روک دی جس پر وہاں آنے والی خواتین نے شدید احتجاج کیا اور کہا کہ ہماری مائیں اور بہنیں مرگئیں مگر پھر بھی آٹا نہیں دیا جا رہا ہے۔ آج یہاں سے آٹا لیے بغیر نہیں جائیں گے۔ دوسری جانب اس حوالے سے کمشنر ساہیوال کا کہنا ہے کہ ایپ بند ہونے کے باعث آٹے کی ترسیل کو روکا گیا ہے۔

جہانیاں میں بھی مفت آٹا پوائنٹ پر بھگدڑ مچنے سے ایک بزرگ خاتون جاں بحق جب کہ دو خواتین بے ہوش ہوگئیں۔ مرنے والی خاتون کی شناخت رشیداں بی بی کے نام سے ہوئی ہے۔ خاتون کی ہلاکت کے بعد افسران آٹا پوائنٹ سےغائب ہو گئے۔

ٹبہ سلطان پور میں شدید بدنظمی اور بھگدڑ مچنے سے 4 خواتین بے ہوش ہوگئیں جب کہ سیکیورٹی نہ ہونے پر انتظامیہ آٹے کی فراہمی بند کرکے فرار ہوگئی۔ آٹا نہ ملنے پر دور دراز سے آئے ہوئے لوگوں نے گورنمنٹ ہائی اسکول کے گراؤنڈ میں احتجاج کیا۔

سرائےعالمگیر میں بزرگ خاتون رش کے باعث گر کر زخمی ہوگئی، بہاولنگر میں ڈونگہ بونگا بنگلہ سینٹر پر آٹا پوائنٹ پر بدنظمی کے باعث تین خواتین بے ہوش ہوگئیں شہریون نے آٹا فراہمی کی بندش پر شدید احتجاج کیا اور دھرنا دے کر مین ہائی وے ہارون آباد روڈ بلاک کر دیا۔

خانیوال میں لائیواسٹاک دفتر میں قائم مفت آٹا پوائنٹ پر شدید بدنظمی اور بھگدڑ کے نتیجے میں 60 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں خواتین اور دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

حاصل پور میں آٹا سیل پوائنٹ پر مفت آٹا لینے کے لیے آنے والے شہریوں پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔ دھکم پیل کے باعث عیدگاہ آٹا پوائنٹ کی دیوار گرگئی جب کہ بدنظمی کی وجہ سے ایک خاتون بیہوش ہوگئی۔ چیچہ وطنی میں  بھی مشتعل خواتین نے آٹا نہ ملنے پر بائی پاس روڈ بلاک کر دیا اور پولیس پر تشدد کا الزام لگایا۔ لیاقت پور میںض مفت آٹا پوائنٹ پر بھگدڑ مچنے سے 73 سالہ بزرگ محمد انور کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔

اس کے علاوہ ٹانک، دیپالپور، قائد آباد، بصیر پور، شجاع آباد ودیگر علاقوں میں بھگدڑ مچنے سے درجنوں خواتین زخمی اور بے ہوش ہوگئیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں