نیویارک : سرچ انجن گوگل نے مصوری اور خطاطی کی دنیا کے بےتاج بادشاہ صادقین کو ستاسی ویں سالگرہ پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ڈوڈل صادقین کی تصویراور کیلیگرافی کے رنگوں سے سجا دیا ۔
گوگل نے پاکستان کے معروف مصور، خطاط اور کیلی گرافر سید صادقین احمد کی سالگرہ کے موقع پر آج کا ڈوڈل صادقین کے نام سے منسوب کر دیا۔
گوگل کا ڈوڈل صادقین کی تصویراور کیلیگرافی کی پینٹنگ میں پیش کیا ہے، جو پاکستان میں گوگل سرچ انجن کے پیج پر دیکھا جاسکتا ہے۔
معروف کیلی گرافر صادقین کا شمار دنیا کے اُن چند گنے چنے مصوروں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنے ہنر سے فن خطاطی کو نئے زاویئے بخشے۔
شہرہ آفاق مصور، خطاط اور نقاش، صادقین 1930 میں ہندوستان کے شہر امروہہ میں پیدا ہوئے، صادقین کے فن پاروں کی پہلی نمائش کوئٹہ میں ہوئی، جس کے بعد یہ سلسلہ امریکہ، فرانس، یورپ اور دنیا کے دیگر ممالک میں پھیل گیا۔
مزید پڑھیں : صادقین ۔ رباعی کا شاعر، خطاطی کا امام
قرآنی آیات کو رنگوں سے مزین کرنے والے صادقین کے خطاطی اور مصوری کے فن پارے اسٹیٹ بینک کراچی، فیصل مسجد اسلام آباد اور پاکستان کی دیگر تاریخی عمارتوں میں موجود ہیں۔
صادقین کو ان کی فن کی مہارت کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز، تمغہ حسن کارکردگی اور ستازہ امتیاز جیسے بڑے قومی اعزازات سے بھی نوازا گیا۔
صادقین نے اپنی زندگی کے آخری ایام تک اپنی انگلیوں سے عظیم فن پا رے تخلیق کیے۔