بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو اکشے کمار جو مزاحیہ اداکاری میں بھی اپنا ثانی نہیں رکھتے اور اپنی فٹنس، جوڈے کراٹے اور ماردھاڑ سے بھرپور ایکشنز کی بدولت بالی ووڈ میں منفرد مقام رکھتے ہیں جس کے باعث اب وہ بالی ووڈ کے مہنگے ترین اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔
اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں اکشے کمار نے اپنے فلمی کیرئیر کے کئی پوشیدہ راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے کئی دلچسپ واقعات بھی سنائے جس سے ان کی شخصیت کی بذلہ سنجی، حس مزاح اور مضبوط اعصاب کے حامل کردار سے مداحوں کا سامنا ہوتا ہے۔
اکشے کمار کا کہنا تھا کہ فلم سے قبل کئی ماڈلنگ شوٹس بھی کیئے اور مجھے اب بھی یاد ہے کہ اپنے پہلے کیریئر کا چیک 5 ہزار روپے کا ملا تھا جس سے حاصل ہونے والی خوشی کو آج بھی محسوس کرتا ہوں تو خود کو تروتازہ پاتاہوں۔
انہوں نے کہا کہ ترقی کی منزل زینہ بہ زینہ طے کی جاتی ہے اور جب تک پہلے زینے پر پاؤں نہ رکھا جائے بقیہ مراحل طے نہیں ہوسکتے اس لیے اپنی پہلی کامیابی کو ہمیشہ یاد رکھیں وہ آپ کے جذبوں کو جواں اور عزم کو بلند رکھے گی۔
اس وقت کے مہنگے ترین اداکاروں میں شامل اکشے کمار کا کہنا تھا کہ مجھے دوسرا اور تیسرا چیک بالترتیب 50 ہزار اور ڈیڑھ لاکھ کا ملا تھا جسے میں کبھی نہیں بھول سکتا یہ وہ کامیابیاں ہیں جس کے بعد میں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔