تازہ ترین

انٹرنیٹ استعمال کرنے والے پاکستانیوں کیلیے بُری خبر

اسلام آباد: انٹرنیٹ استعمال کرنے والے پاکستانیوں کیلیے بری...

بہت جلد فوج سے مذاکرات ہوں گے، شہریار آفریدی کا دعویٰ

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر و رہنما پاکستان تحریک...

ہم سب مل کر ٹیم پاکستان ہیں، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ...

صبح جلدی اٹھنے کے لیے مددگار طریقے

صبح جلدی اٹھنا ایک بہترین طرز زندگی کی علامت ہے۔ سحر خیزی کی عادت نہ صرف طبی طور پر فائدہ مند ہے بلکہ یہ عادت ہر عمر میں کام آتی ہے۔

بعض لوگوں کے لیے صبح اٹھنا ایک مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔ وہ لاکھ چاہیں تب بھی جلدی نہیں اٹھ پاتے نتیجتاً ان کی صبح کلاسز چھوٹ جاتی ہیں، وہ علیٰ الصبح ہونے والی میٹنگز میں شامل نہیں ہوپاتے جبکہ صبح ہونے والی تمام سرگرمیوں میں بھی دیر سے شریک ہوتے ہیں۔

یہاں ہم آپ کو کچھ ایسی تجاویز بتارہے ہیں جنہیں اپنا کر آپ صبح جلدی اٹھ سکتے ہیں۔


منصوبہ بندی کریں

صبح کے لیے بہترین منصوبہ بندی کرنا آپ کو جلدی اٹھنے پر مجبور کرتا ہے۔ صبح ایک بہترین ناشتے کا پلان آپ کے لیے جلدی اٹھنے میں مددگار ثابت ہوگا۔


ضروری چیزوں کی فہرست

صبح اٹھتے ہی ان کاموں کے بارے میں سوچیں جو آپ کو خوشی اور فائدہ پہنچائیں۔ ان کاموں کی تکمیل آپ کو جلدی اٹھنے کی طرف راغب کرے گی۔


تھکے ہوئے ہیں تو سوجائیں

عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ ہر رات مقررہ وقت پر ہی سونا بہتر ہے۔ یہ غلط ہے۔ سونے کے لیے بستر پر اسی وقت جانا چاہیئے جب آپ تھکے ہوئے ہوں تاکہ جیسے ہی آپ لیٹیں آپ کو 5 منٹ کے اندر نیند آجائے۔

اگر آپ مقررہ وقت پر بستر پر لیٹ گئے ہیں اور آپ کو نیند نہیں آرہی تو آپ اپنا وقت ضائع کر رہے ہیں۔ اس صورت میں آپ کو دیر سے نیند آئے گی اور آپ اگلی صبح تھکن کا شکار ہوں گے۔


مکمل اندھیرے میں سوئیں

کمرے میں مکمل طور پر اندھیرا کردینا بہتر اور پرسکون نیند لانے میں مددگار ہوتا ہے جس کے بعد آپ تازہ دم ہو کر اٹھتے ہیں۔


درجہ حرارت کا خیال

سوتے ہوئے کمرے کا درجہ حرارت بھی اہم حیثیت رکھتا ہے۔ درجہ حرارت بالکل کم یا بہت زیادہ نہ ہو، اس سے آپ کو گرمی یا سردی لگے گی اور آپ کی نیند ڈسٹرب ہوگی۔

اسی طرح موسم کی مناسبت سے اوڑھنے کے لیے کمبل یا ہلکی پھلکی چادر کا انتخاب کریں۔


پانی پئیں

رات سونے کے لیے لیٹنے سے قبل اور نیند سے اٹھنے کے فوراً بعد ایک گلاس پانی پئیں۔ نیند سے اٹھتے ہی گہری سانس لینا اور ایک گلاس پانی پینا آپ کے دماغ کو بھرپور آکسیجن فراہم کرے گی۔


فون کو بند رکھیں

ہماری نیند کو سب سے زیادہ ڈسٹرب کرنے والی شے ہمارے موبائل فون ہیں۔ سونے سے کم از کم آدھا گھنٹہ قبل موبائل فون بند کردیں۔ اسی طرح اٹھنے کے بعد نصف یا ایک گھنٹہ فون کو بند ہی رکھیں۔

موبائل فون کو بند رکھنا آپ کے دماغ کو بوجھل ہونے سے بچائے گا اور آپ اٹھنے کے بعد اپنی کھوئی ہوئی توانائی بحال کرسکیں گے۔


الارم ’سنوز‘ کو بھول جائیں

الارم میں لگے سنوز کے بٹن کو بھول جائیں اور الارم کی پہلی گھنٹی پر اٹھ جائیں۔ اگر آپ کو 6 بجے اٹھنا ہے تو ساڑھے 5 کے بجائے 6 بجے کا ہی الارم لگائیں اور الارم بجتے ہی اٹھ جائیں۔


مقررہ وقت پر اٹھیں

سونے کے برعکس اٹھنے کا وقت مقرر کریں اور روز صبح اسی وقت اٹھیں۔ اگر آپ سونے کا وقت مقرر کریں گے تو روز اسی وقت پر خود بخود آپ کی آنکھ کھل جائے گی۔

اگر آپ رات کو دیر سے سوئے ہیں تب بھی صبح جلدی اٹھنے سے آپ جلدی تھک جائیں گے اور رات جلد سوجائیں گے یوں آہستہ آہستہ آپ کا معمول بہتر ہوتا جائے گا۔


انگڑائی لیں

کیا آپ نے پالتو جانوروں کو غور سے دیکھا ہے؟ یہ نیند سے اٹھنے کے فوراً بعد بھرپور انگڑائیاں لیتے ہیں۔ انگڑائی جسم میں خون کی روانی کو تیز کرتی ہے۔

رات سونے سے پہلے انگڑائی لینا نیند لانے میں معاون جبکہ نیند سے اٹھنے بعد سستی دور کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔


حرکت کریں

نیند سے اٹھنے کے بعد بستر پر نہ لیٹے رہیں بلکہ اٹھ کر حرکت کریں۔ زیادہ بہتر ہے کہ اٹھنے کے بعد آپ اپنے دفتر جانے کے لیے کپڑوں اور جوتوں کی تیاری کریں۔

یہ نیند بھگانے میں آپ کی مدد کرے گی اور آپ کو تیاری کے لیے جلدی اٹھنے پر بھی مجبور کرے گی۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -