اشتہار

وفاقی بیوروکریسی کے افسران بے لگام، نگراں وزیر صحت کی منظوری کے بغیر سی ایم یو میں متنازعہ افسر تعینات

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی سیکریٹری افتخار شلوانی نے نگراں وفاقی وزیر ڈاکٹر ندیم جان کے حکم کے برخلاف سی ایم یو میں ڈاکٹر راضیہ کی تعیناتی کر دی۔

ذرائع کے مطابق نگراں وفاقی وزرا اور بیوروکریسی کے افسران آمنے سامنے آ گئے ہیں، وفاقی سیکریٹری ہیلتھ افتخار شلوانی نگراں وزیر صحت کے احکامات ماننے سے انکاری ہو گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ سیکریٹری صحت افتخار شلوانی کے حکم پر غیر ملکی امداد سے چلنے والے کامن منیجمنٹ یونٹ میں متنازعہ خاتون افسر ڈاکٹر راضیہ کو تعینات کیا گیا ہے، ان کی سی ایم یو میں تعیناتی وزیر صحت کی منظوری کے بغیر ہوئی ہے، سیکریٹری صحت نے یہ تعیناتی ڈاکٹر ندیم جان کے غیر ملکی دورے کے دوران کی۔

- Advertisement -

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر راضیہ پر مفادات کے ٹکراؤ کے باوجود ٹی بی پروگرام میں تعیناتی اور غیر ملکی فنڈنگ کے مبینہ غلط استعمال کے الزامات ہیں، وہ نیشنل ٹی بی کنٹرول پروگرام میں ریسرچ افسر تعینات تھیں، انھوں نے مبینہ طور پر انسداد ٹی بی سے متعلق این جی او بنائی اور غیر ملکی فنڈنگ کے استعمال کے لیے غلط بیانی کی، ان پر مبینہ طور پر 50 ہزار ڈالر امداد کے غلط استعمال کا الزام ہے، جس پر ان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ سیکریٹری صحت افتخار شلوانی وزارتی معاملات پر ڈاکٹر ندیم جان کو نظر انداز کر رہے ہیں، ڈاکٹر ندیم نے ڈاکٹر راضیہ کی سی ایم یو میں تعیناتی مسترد کی تھی، اور وفاقی سیکریٹری ہیلتھ کو ان کی تقرری سے روکا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق نیشنل کوآرڈینیٹر سی ایم یو کے لیے 3 افسران شارٹ لسٹ ہوئے تھے، جن کے انٹرویوز 6 نومبر کو ہوئے، تاہم شارٹ لسٹ امیدوار سربراہ سی ایم یو کے لیے مطلوبہ اہلیت کے حامل نہ تھے، اس لیے سیکریٹری ہیلتھ کو تینوں افسران میں سے کسی کی بھی تعیناتی نہ کرنے کی ہدایت دی گئی۔

سیکریٹری ہیلتھ کو سربراہ سی ایم یو کے لیے دوبارہ بھرتی کی ہدایت دی گئی تھی، اور کہا گیا تھا کہ مطلوبہ قابلیت کے حامل افسر کی تعیناتی کی جائے، تاہم سیکریٹری ہیلتھ نے نگراں وزیر صحت کے احکامات کے برخلاف تعیناتی کر دی۔

Comments

اہم ترین

جہانگیر خان
جہانگیر خان
جہانگیر خان اے آر وائی نیوز اسلام آباد کے نمائندے ہیں۔ وہ پارلیمانی امور، صحت، کشمیر، جی بی اور پیپلز پارٹی سے متعلق خبریں رپورٹ کرتے ہیں۔

مزید خبریں