اشتہار

آئی ایم ایف معاہدہ : اسحاق ڈار کا ایٹمی پروگرام پر وضاحتی بیان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدے میں تاخیر پر پاکستان کے ایٹمی پروگرام سے متعلق بیان کی وضاحت کردی۔

ان کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدے میں تاخیر پر میرے بیان کو سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، ایٹمی پروگرام سے متعلق میرا بیان مخصوص سوال کے جواب میں تھا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ میں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ہمیں ایٹمی پروگرام تیار کرنے کا خودمختار حق حاصل ہے، ایٹمی پروگرام ہمارے قومی مفادات کے عین مطابق ہے۔

- Advertisement -

وزیرخزانہ نے واضح کیا کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام میں کسی قسم کی بیرونی مداخلت کی گنجائش نہیں ہے اور میرے بیان کا آئی ایم ایف ڈیل کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف یا کسی دوسرے ملک نے ایٹمی پروگرام پر شرط عائد نہیں کی، آئی ایم ایف سے معاہدے میں تاخیر تکنیکی وجوہات کی وجہ سے ہے، ہم آئی ایم ایف کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف دوست ملکوں کی جانب سے پاکستان کی سپورٹ کے لیے کیے گئے وعدوں کو مکمل کرنے کا کہہ رہا ہے، معاہدے میں تاخیر کی یہی وجہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہمیں قومی مفاد کا تحفظ کرنا ہے، نیوکلیئر یا میزائل پروگرام پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا، کسی کو حق نہیں کہ پاکستان کو بتائے کہ وہ کس رینج کے میزائل یا ایٹمی ہتھیار رکھے۔

 

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں