جمعہ, مئی 24, 2024
اشتہار

ٹیکس وصولی میں اضافے تک معیشت کی بہتری ممکن نہیں، نگراں وزیر اعظم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ جب تک ٹیکس وصولی میں اضافہ نہیں ہوتا ملکی معیشت کی بہتری ممکن نہیں۔

نگراں وزیر اعظم سے اسلام آباد ایوان تجارت و صنعت کے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکٹری کامرس، سیکٹری صنعت چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین سی ڈی اے اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

ملاقات میں تاجر برادری نے انوار الحق کاکڑ کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ وفد نے ان کو تاجر برادری کے مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کیلیے اپنی تجاویز پیش کیں۔

- Advertisement -

وفد سے ملاقات کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ کاروباری برادری کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، آپ کی تجاویز کا خیر مقدم کرتا ہوں قابل عمل تجاویز پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرواتا ہوں، ذمہ داریاں سنبھالتے ہی کاروباری برادری سے ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل سنے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ٹیکس کے نظام میں اصلاحات یقینی بنا رہے ہیں ٹیکس کا نظام ڈیجٹلائز کیا جا رہا ہے، جب تک ٹیکس وصولی میں اضافہ نہیں ہوتا ملکی معیشت کی بہتری ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسمگلنگ کی روک تھام کیلیے ملک بھر بالخصوص سرحدی علاقوں میں آپریشن شروع کر دیا، گزشتہ 48 کے دوران کریک ڈاؤن کیے گئے جن کے مثبت نتائج موصول ہو رہے ہیں، ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت کے فروغ کے حوالے سے مشاورت جاری ہے، اسمگلنگ کی روک تھام کا ہمسایہ ممالک کے حکام نے خیر مقدم کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ تاجروں، صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کر کے معیشت کو مزید مستحکم کریں گے۔

نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ بجلی شعبے میں اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے اور بجلی چوروں کے خلاف مؤثر کارروائی ہوگی، ملکی مسائل کے حل کیلیے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت ضروری ہے۔

انہوں نے ہدایات دیں کہ وزارت کامرس ملک بھر کے چیمبرز سے تجاویز و مشاورت کو یقینی بنائے، ایف بی آر پوائنٹ آف سیلز کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کیلیے جلد رپورٹ پیش کی جائے، پاکستانی سفارتخانوں میں تعینات کمرشل اتاشیوں کی کارکردگی کو بہتر کیا جائے۔

انوار الحق کاکڑ نے ہدایت کی کہ سی ڈی اے نظام میں بہتری لائی جائے اور کاروباری برادری کو مشاورتی عمل کا حصہ بنایا جائے، سی ڈی اے شہریوں کو فراہم تمام سہولیات اور لینڈ ریکارڈ کو ڈیجٹلائز کرے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں