ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

’جیل میں میری جان لینے کی کوشش کی جائے گی‘، چیئرمین PTI کا اہم پیغام

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم و چیئرمین پی ٹی آئی کا اہل خانہ کے ذریعے 24 اکتوبر کو قوم کے نام بھجوایا گیا پیغام سامنے آگیا۔

خصوصی پیغام میں چیئرمین پی ٹی آئی نے خدشہ ظاہر کیا کہ جیل میں میری جان لینے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فی الوقت جسمانی لحاظ سے میں ٹھیک ٹھاک ہوں اور ملک چھوڑنے پر کبھی آمادہ نہیں ہوں گا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ جو کچھ ہو رہا ہے وہ لندن معاہدے کا نتیجہ ہے، لندن معاہدہ بزدل، بھگوڑے اور کرپٹ مجرم کے ساتھ طے پایا، آپ جو دیکھ رہے ہیں وہ نظامِ انصاف کا مکمل انہدام اور تباہی ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ سراسر سیاسی اہداف کے تحت مجھ پر مقدمات قائم کیے گئے، انتخابات کے بعد تک جیل میں رکھنے کیلیے مجھ پر جعلی مقدمات بنائے گئے۔

پیغام میں انہوں نے کہا کہ بند کمروں میں تیار سازشوں کے خلاف زور پکڑتی مزاحمت انہیں خوفزدہ کرتی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے ہدایت کی کہ تنظیمی ذمہ داران ملک بھر میں کنونشنز منعقد کروائیں اور جب بھی انتخابات کا موقع آئے بھرپور انتخابی مہم چلائی جائے۔

اس سے قبل جیل میں اپنے وکلا سے ملاقات کے دوران سابق وزیر اعظم نے نواز شریف کی 4 سال بعد وطن واپسی پر ردعمل میں کہا تھا کہ ’لندن پلان پر عمل ہو رہا ہے۔ سزا یافتہ شخص کو ریڈ کارپٹ ریلیف دیا جا رہا ہے۔‘

ملاقات کے بعد وکلا نے میڈیا کو بتایا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی صحت اچھی اور حوصلے بلند ہیں، ان سے مقدمات اور جو کچھ ملک میں ہو رہا ہے اس پر تفصیلی گفتگو ہوئی، ہم نے ان کو نواز شریف کی واپسی سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں