12.4 C
Dublin
منگل, مئی 14, 2024
اشتہار

عمران خان کا اتوار کو یوم تشکر منانے کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ یہ ساری جدوجہد اپنی ذات کے لیے نہیں کی بلکہ صرف پاکستان کے لیے کی۔ آج اسلامی فلاحی ریاست کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔ انہوں نے اتوار کے روز پریڈ گراؤنڈ میں یوم تشکر منانے کا اعلان کیا۔

تفصیلات کے مطابق پاناما کیس کے تاریخی فیصلے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ ایک طویل جدوجہد کی جس کے بعد ہمیں کامیابی ملی ہے۔ اللہ کا شکر گزار ہوں میں نے صرف کوشش کی تھی، کامیابی اللہ نے دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عدلیہ کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ جے آئی ٹی کے ارکان قوم کے ہیرو ہیں۔ جے آئی ٹی نے جو کام 60 روز میں کیا وہ مغربی ممالک میں بھی نہیں ہوسکتا۔

- Advertisement -

عمران خان کا کہنا تھا کہ آج کے تاریخی فیصلے کے بعد اسلامی فلاحی ریاست کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف یا شریف خاندان سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں تھی۔ جس کی بھی مخالفت کرتا ہوں کسی سے ذاتی دشمنی نہیں ہے۔

قوم کی جیت

عمران خان کا کہنا تھا کہ آج پوری قوم خوشیاں منا رہی ہیں کیونکہ انہیں ایک امید مل گئی ہے۔ خوشی ہے کہ سپریم کورٹ نے ایک عہدے پر موجود وزیر اعظم کا احتساب کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں طبقاتی قانون ہے، کمزور کے لیے الگ اور طاقتور کے لیے الگ قانون ہے۔ بڑے بڑے ڈاکو ہیں جن کے 6، 6 ارب کے گھر ہیں اور اربوں کے محلات ہیں۔ طاقتور کو قانون کی گرفت میں لانے تک ملک کا کوئی مستقبل نہیں۔ پاکستان سے ہر سال 10 ارب ڈالر کی منی لانڈرنگ ہوتی ہے اور چھوٹے چوروں سے جیل بھرے ہوئے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ملک تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے اور ہم بے تحاشہ مقروض ہیں۔ اربوں ڈالر کا قرضہ لیا گیا، ہمارے پاس ملک چلانے کا پیسہ نہیں۔ جو پیسہ لوٹا گیا وہ واپس لا کر تعلیم پر اور صاف پانی پر لگایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے ن لیگ کے وزرا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پتہ تھا کہ چوری ہوئی ہے لیکن وہ سپریم کورٹ سے باہر آ کر شریف خاندان کا دفاع کرتے تھے۔ جنہیں معلوم تھا منی لانڈرنگ ہوئی، جھوٹ بولا گیا ان کو اصل میں پاکستان کی فکر نہ تھی۔

عمران خان نے کہا کہ اب لوگ چوری کرتے ہوئے سوچیں گے۔ لوگ جان چکے ہیں کہ طاقتور کا احتساب ہوسکتا ہے تو ان کی بھی باری ہو سکتی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ احتساب کا عمل آگے بڑھے گا اور کرپشن اور منی لانڈرنگ کرنے والے ہر شخص کی باری آئے گی۔

یوم تشکر منانے کا اعلان

عمران خان نے اتوار کو یوم تشکر منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اتوار کی شام 5 بجے اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں ان تمام افراد کا شکر گزار ہوں جو گزشتہ 21 سال سے میرا ساتھ دے رہے ہیں۔ انہوں نے ان تمام افراد اور پاکستان کی عوام کو جلسے میں شریک ہونے کی دعوت دی۔

عمران خان نے خاص طور پر میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا جس نے پاناما کیس کے آغاز سے اختتام تک اہم ترین کردار ادا کیا۔

انہوں نے اتوار کو آئندہ کا لائحہ عمل دینے کا عندیہ بھی دیا۔

احتساب کے لیے تیار ہوں

عمران خان کا کہنا تھا کہ میں باہر سے پیسہ کما کر پاکستان لے کر آیا۔ یہ ضروری تھا کہ میرا بھی احتساب کیا جائے۔ خوشی ہے کہ میرا اور جہانگیر ترین کا احتساب ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے شوکت خانم اسپتال پر لفظی حملے کیے جس سے بے حد دکھ ہوا۔ جنگوں میں بھی اسپتالوں کو نشانہ نہیں بنایا جاتا۔ اگر ان کے دعوے سچ ہیں تو یہ ایکشن کیوں نہیں لیتے یہ تو حکومت میں ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ شوکت خانم میری کوئی شوگر مل نہیں، قوم کا اسپتال ہے۔ میرا مزید احتساب کریں میں تیار ہوں۔


Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں