نئی دہلی: بھارت نے 12 انڈسٹریل اسمارٹ سٹی بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس سے 10 لاکھ لوگوں کو براہ راست روزگار ملے گا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز کابینہ نے ملکی معیشت کی ترقی کے لیے ایک درجن اسمارٹ صنعتی شہر بنانے کے منصوبے کی منظوری دے دی۔
قومی صنعتی گلیارا ترقیاتی پروگرام (این آئی سی ڈی پی) کے تحت یہ صنعتی شہر 9 ریاستوں میں بنائے جائیں گے، جن میں گھریلو صنعتوں کو فروغ دیا جائے گا۔
مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو کے مطابق اس پروجیکٹ پر 28 ہزار 602 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے، مجوزہ منصوبے میں 1.52 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔
یہ انڈسٹریل سٹی اتراکھنڈ کے کھرپیا، پنجاب کے راجپورہ-پٹیالہ، مہاراشٹر کے دِگھی، کیرالہ کے پلکڑ، اتر پردیش کے آگرہ و پریاگ راج، بہار کے گیا، تلنگانہ کے ظہیر آباد، آندھرا پردیش کے اورواکل اور کوپّرتھی، راجستھان کے جودھپور-پالی میں تعمیر کیے جائیں گے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت ہونے والی کابینہ اجلاس میں ریلوے کے 3 انفرا پروجیکٹس کو بھی منظوری دی گئی ہے، جمشید پور سے 121 کلومیٹر کی تیسری لائن، ضلع سندر گڑھ اور رائے گڑھ کے درمیان 37 کلومیٹر کی نئی ڈبل لائن اور اڈیشہ میں برگڑھ روڈ سے 138 کلومیٹر کی نئی لائنیں بچھائی جائیں گی۔